بولی وڈ کے ورسٹائل اداکار گووندا نے الزام عائد کیا ہے کہ بھارت کا فلم سینسر بورڈ ان کی فلموں کو نہ صرف نمائش سے روک رہا ہے، بلکہ اگر سینسر بورڈ ان کی کسی فلم کو نمائش کی اجازت دے بھی رہا ہے تو وہ بھی محدود پیمانے پر دے رہا ہے۔
ماضی میں کئی سپر ہٹ فلمیں دینے والے 54 سالہ ہیرو کے مطابق حال ہی میں ریلیز ہونے والی ان کی کامیڈی فلم ’فرائیڈے‘ کو اگرچہ ریلیز کی اجازت دی گئی، تاہم اسے محدود سینما گھروں میں پیش کرنے کی ہدایت کی گئی۔
اپنے آنے والی کامیڈی فلم ’رنگیلا راجا‘ کو بھارت کے فلم سینسر بورڈ ’سینٹرل بورڈ آف فلم سرٹیفیکیشن‘ (سی بی ایف سی) کی جانب سے اجازت نہ ملنے پر اداکار نے نہ صرف بورڈ کے عہدیداروں کو آڑے ہاتھوں لیا۔
بلکہ انہوں نے دیگر فلم پروڈیوسرز اور فلموں میں سرمایہ کاری کرنے والوں کو سپورٹ نہ کرنے پر بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق ممبئی میں پریس کانفرنس کے دوران گووندا نے سی بی ایف سی پر الزام عائد کیا کہ بورڈ ان کی فلموں کی نمائش میں رکاوٹ بنا ہوا ہے۔