یو ٹیوب پر ویڈیو بنانے سے شہرت پانے والی للی سنگھ نے اعلان کیا ہے کہ وہ آٹھ سال مسلسل یو ٹیوب پر ویڈیوز بنانے کے بعد اپنی ذہنی صحت کی خاطر کچھ عرصے کے لیے وقفہ لے رہی ہیں۔
کینیڈا سے تعلق رکھنے والی للی سنگھ نے اپنے شائقین سے وعدہ کیا ہے کہ وہ وقفہ لینے کے بعد ‘بہتر صحت اور زیادہ خوشی’ کے ساتھ واپس آئیں گی۔
پیر کو اپنی ویڈیو میں انھوں نے کہا کہ ‘میں ذہنی، جسمانی، جذباتی اور روحانی طور پر مکمل طور پر تھک گئی ہوں۔’
انھوں نے مزید کہا کہ 2010 سے مسلسل ویڈیوز بنانے کے بعد وہ مکمل طور پر توانائی کھو چکی ہیں۔
یو ٹیوب پر اپنے نک نیم ’سپر وومن‘ کے نام سے معروف اور تقریباً ڈیڑھ کروڑ فالوؤرز رکھنے والی للی سنگھ یو ٹیوب کی معروف ترین اور کامیاب ترین سیلبریٹیز میں سے ایک ہیں۔
انھوں نے کہا کہ حالیہ دنوں میں وہ اپنی بنائی ہوئی ویڈیوز کے معیار سے خوش نہیں ہیں اور ان کو بہتر مواد تیار کرنے کے لیے کچھ وقت چاہیے تاکہ وہ فیصلہ کر سکیں کہ وہ کیسی ویڈیوز بنانا چاہتی ہیں۔
‘یو ٹیوب کی یہ بات ہے کہ وہ ایک مشین کی مانند ہے اور اس میں ویڈیو بنانے والوں کو لگتا ہے کہ انھیں مسلسل کچھ نہ کچھ تیار کر کے وہاں شائع کرنا ہوتا ہے، بھلے سے اس سے ہماری صحت، ہماری زندگی اور ذہنی خوشی کتنی ہی متاثر کیوں نہ ہو رہی ہو۔’