جگدلپور:چھتیس گڑھ کے ضلع سکما میں آج دوپہر نکسلیوں نے سڑک تعمیر کرنے والے ایک ٹھیکہ دار کو گلاکاٹ کر بے رحمی سے قتل کرنے کے بعد ٹھیکہ دار کی سات گاڑیوں کو بھی آگ لگاکر خاک کردیا۔سکما کے پولیس سپرنٹنڈنٹ ابھیشیک مینا نے بتایا کہ دورناپال تھانہ علاقہ کے گاوں چچورگوڑا سے پنا ۔
بھیجی تک پردھان منتری سڑک روزگار یوجنا کے تحت سڑک کی تعمیر کا کام چل رہا ہے جس کا ٹھیکہ ایک پرائیویٹ کمپنی کو ملا تھا۔ سڑک کی تعمیر کے سخت مخالف نکسلیوں نے تعمیراتی کمپنی کو پندرہ دن قبل ہی کام بند کرنے کی وارننگ دی تھی لیکن کام بند نہیں کیا گیا تھا۔ دوپہر کو کام کرنے کی جگہ اوپم پلی گاوں میں پندرہ بیس مسلح نکسلیوں نے دھاوا بول دیا اور درگ میں رہنے والے ٹھیکہ دار ہری شنکر ساہو کو ٹنگیے سے گلاکاٹ کر بے رحمی سے قتل کردیا۔نکسلیوں نے کام کرنے کی جگہ پر موجود مزدوروں کو دھمکی دیکر بھگا دیا اور ا سکے بعد وہاں کھڑی سات گاڑیوں کا ڈیزل ٹینک پھوڑ کر ان میں آگ لگا دی جس سے وہ پوری طرح جل کر خاک ہوگئیں۔ مسٹر مینا نے بتایا کہ الیکشن کے پیش نظر پولیس نے بھی ٹھیکہ کمپنی کو فی الحال کام بند کرنے کا مشورہ دیا تھا کیونکہ الیکشن میں مصروفیت کے سبب تعمیراتی کام کو سیکورٹی فراہم کرنا ممکن نہیں تھا لیکن ٹھیکہ دار نے اس کے باوجود کام بند نہیں کیا۔