جے پور : راجستھان میں اسمبلی انتخابات میں برسراقتدار بھارتیہ جنتاپارٹی نے اس بار صرف ایک مسلم امیدوار ٹرانسپورٹ کے وزیر یونس خان کو انتخابی میدان میں اتارا ہے جبکہ کانگریس نے 15 مسلم امیدواروں کو انتخابی میدان میں قسمت آزمانے کا موقع دیا ہے ۔
بی جے پی نے مسٹر خان کو ٹونک سے اپنا امیدوار بنایا ہے جو اس بار 200 اسمبلی سیٹوں میں محض ایک مسلم امیدوار ہیں۔ ان کا مقابلہ کانگریس کے ریاستی صدر سچن پائلٹ سے ہوگا۔ مسٹر خان نے سال 2003 میں ضلع ناگور کے ڈڈوانا اسمبلی حلقوں سے انتخاب جیتا تھا۔ وہ سال 2008 میں ڈڈوانا سے انتخاب ہار گئے تھے ۔
بی جے پی نے سال 2013 کے انتخاب میں چار مسلم امیدواروں کو انتخاب لڑنے کا موقع دیا تھا۔ ان میں مسٹر خان ڈڈوانی اور ناگور سے حبیب الرحمان نے انتخاب جیتا جبکہ دھولپور سے صغیر احمد اور منڈاوا سے سلیم انتخاب ہار گئے تھے ۔ اس بار بی جے پی نے حبیب الرحمان کو دوبارہ سے موقع نہ دینے سے وہ ناراض ہوکر پھر سے کانگریس میں چلے گئے جہاں انہیں ناگور سے کانگریس کا امیدوار بنایا گیا ہے ۔
گزشتہ اسمبلی انتخاب میں کانگریس نے 16 مسلم امیدواروں کو موقع دیا تھا لیکن سبھی امیدوار وں کو شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا جس میں وزیر امام الدین احمد خان (درو میاں)، امین خان اور دیگر سینئر لیڈر شامل تھے ۔