شمالی بھارتی ریاست اتر پردیش میں ایک ’ہاتھی ہسپتال‘ قائم کیا گیا ہے۔ اس خصوصی ہسپتال نے باضابطہ طور پر کام کرنا شروع کر دیا ہے۔
اس ہاتھی ہسپتال کے پہلے دن انچاس برس کی ایک ہتھنی کی ٹانگ پر لگی چوٹ کا علاج کیا گیا۔ اس ہتھنی کا نام آشا ہے۔ سینکڑوں افراد کے سامنے ہتھنی اپنی ٹانگ ایک اسٹول پر رکھ کر اپنے علاج کی کارروائی دیکھتی رہی۔ اُس نے اطمینان کے ساتھ اپنے معالج کو کام مکمل کرنے کا موقع دیا۔
اس ہسپتال کو جدید سہولیات سے آراستہ کیا گیا ہے۔ ان میں وائرلیس سسٹم کے ساتھ قریبی جنگلات کے ساتھ رابطہ رکھا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ڈیجیٹل ایکس رے، تھرمل امیجنگ، الٹرا سونوگرافی اور بے ہوش کرنے والے آلات شامل ہیں۔ اسی ہسپتال میں کسی بھی بیمار ہاتھی کو بقیہ گلے سے علیحدہ کر کے مقید و پابند کرنے کی سہولت بھی موجود ہے۔