کیا آپ دفتر میں ہوتے ہوئے ہنستے مسکراتے ہیں؟ یا اپنا سارا دن کام کی ٹینشن میں گزار دیتے ہیں؟
گو کہ پروفیشنلز سے بھرے ہوئے ایک کمرے میں جہاں ہر شخص ضروری کام میں مصروف ہو، ایک بلند و بانگ قہقہہ لگانا آپ کو شرمندگی سے دو چار کرسکتا ہے کیونکہ کمرے میں موجود تمام لوگ آپ کو نہایت اجنبی نظروں سے دیکھیں گے، تاہم ایسا کرنا کچھ زیادہ عجیب بھی نہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر آپ دفتر میں اپنی بھرپور صلاحیتوں کا استعمال کرنا چاہتے ہیں تو آپ کو ہنسی مذاق کرنا اور ہنسنا ضروری ہے۔
ہارورڈ بزنس اسکول کی جانب سے کی جانے والی ایک تحقیق میں بتایا گیا کہ دفتر میں ہنسنا دفتر کے ساتھیوں کے درمیان تعلق کو مضبوط کرتا ہے جبکہ ان کی تخلیقی صلاحیت میں بھی اضافہ کرتا ہے۔
تحقیق میں کہا گیا کہ کام کے دوران چٹکلے چھوڑنا وہاں موجود تمام افراد کو آرام دہ بناتا ہے جس کے بعد وہ زیادہ توجہ سے اپنا کام سر انجام دے سکتے ہیں۔
ماہرین کے مطابق ہنسی بوریت اور تناؤ کا خاتمہ کرتی ہے، تناؤ زدہ اعصاب کو پرسکون کرتی ہے جبکہ دماغ میں خوشی پیدا کرنے والا ہارمون بھی پیدا کرتی ہے۔
مندرجہ بالا تمام محرکات انسانی دماغ کی استعداد اور کارکردگی میں اضافہ کرتے ہیں۔
تو اب آپ بھی اپنے باس کی نظروں کی پرواہ کیے بغیر زور زور سے ہنس سکتے ہیں، کیونکہ اس کے بعد آنے والے نتائج آپ کو باس کی نظروں میں پسندیدہ بنا سکتے ہیں۔