لکھنؤ : صحابہ کا پرچم اٹھائے چلا چل، قدم اپنے آگے بڑھائے چلا چل، رہتے ہیں دو عالم کے غم خوار مدینہ میں، پاتے ہیں شفا یابی بیمار مدینہ میں‘ جیسے ترانوں کے ساتھ بدھ کو امین آباد پارک سے جلوس مدح صحابہ نکالا گیا۔ مجلس تحفظ ناموس صحابہ کی جانب سے نکلے جلوس کی قیادت امام عید گاہ مولانا خالد رشید فرنگی محلی، دارالمبلغین کے پرنسپل مولانا عبدالعلیم فاروقی، مولانا عبدالعظیم فاروقی سمیت دیگر علماء نے کی۔
امین آباد پارک سے نکل کر جلوس مولوی گنج، رکاب گنج، نادان محل روڈ، نخاس سے مڑ کر ٹوریا گنج، بازار کھالا، حیدر گنج ہوتے ہوئے عیش باغ عید گاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوا۔ جلوس کے عیش باغ عید گاہ پہنچنے پر جلسہ سیرت النبیؐ و پیام امن کا انعقاد کیا گیا جسے علماء نے خطاب کیا۔ وہیں آل انڈیا محمدی مشن کی جانب سے درگاہ شاہ مینا سے جلوس محمدی نکالا گیا۔ مولانا ابوالعرفان فرنگی محلی کی قیادت اور محمدی مشن کے صدر ایوب اشرف،شاکر علی مینائی، اقبال ہاشمی وغیرہ کی نگرانی میں جلوس محمدی چوک کے جیوتی با پھلے پارک کے سامنے پہنچ کر جلسہ میں تبدیل ہو گیا۔ جلوس محمدیؐ میں بگھیوں پر لوگ سوار تھے اور بینڈ سے بج رہی نعت ومنقبت ماحول کو روحانی بنا رہی تھی۔
مجلس تحفظ ناموس صحابہ کی جانب سے امین آباد واقع پارک سے جلوس مدح صحابہ نکالا گیا۔ جلوس میں انجمن مدح صحابہ کے عہدیدار اور اراکین رنگ برنگے جھنڈے لیکر شامل ہوئے۔ جھنڈوں پر اللہ، رسولؐ، خلفائے راشدین کے نام لکھے ہوئے تھے اور انجمنوں کے عہدیدار مدح صحابہ پڑھتے ہوئے چل رہے تھے۔ جلوس کے راستہ میں سبیلوں کا انتظام کیا گیا تھا جہاں سے جلوس میں شامل لوگوں کا استقبال کیا گیا۔ جلوس کا بندوبست مجلس تحفظ ناموس صحابہ، اسلامک سینٹر آف انڈیا، آل انڈیا سنی بورڈ اور تحریک تحفظ ناموس رسولؐ کے رضاکار سنبھالے ہوئے تھے۔ دوپہر ایک بجے سے جلوس میں شامل انجمنوں کے عیش باغ عید گاہ پہنچنے کا سلسلہ شروع ہوا جو دیر تک جاری رہا۔ جلوس کے عیش باغ عید گاہ پہنچنے پر جلوس کا استقبال کیا گیا اور ظہر کی نماز ادا کی گئی۔ نماز کے بعد جلسہ سیرت النبیؐ و پیام امن کا انعقاد ہوا۔ جلسہ کا آغاز قاری قمرالدین نے تلاوت کلام پاک سے کیا۔
اس موقع پر ضلع مجسٹریٹ کوشل راج شرمااور ایس ایس پی کلا ندھی نیتھانی کا شال اڑھاکر خیر مقدم کیاگیا۔ جلسہ کو خطاب کرتے ہوئے امام عید گاہ مولانا خالد رشید فرنگی محلی نے کہا کہ آج کا دن بہت مبارک دن ہے،جس میں خدا نے اپنے آخری نبیؐ کو اس دنیا میںتمام انسانوں کی رہنمائی کیلئے بھیجا۔ انہوں نے کہا کہ آج ضرورت اس بات کی ہے کہ مسلمان پیغمبر اسلامؐ کے انسانیت، امن اور بھائی چارے کے پیغام کو گھرگھر پہنچائیں۔ مولانا ظفرالدین نے جلسہ کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کے دن کا یہی پیغام ہے کہ ہم خدا کے رسول کے بتائے راستہ سچائی، ایمانداری اور انسانوں کے ساتھ اچھا سلوک کریں۔ جلسہ کو محمد احمد خاں ادیب نے خطاب کرتے ہوئے تعلیم کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔انہوں نے کہا کہ تعلیم کے راستہ سے ہم اسلام کے پیغام کو سمجھ سکتے ہیں، تبھی اس پر عمل کر سکتے ہیں۔ ضلع مجسٹریٹ کوشل راج شرما نے جلوس کے پُر امن طورپر اختتام پذیر ہونے پر علمائے کرام خصوصاً مولانا خالد رشید فرنگی محلی اور دیگر علماء کاشکریہ ادا کیا۔ جلسہ میں انجمنوں نے اپنے کلام پیش کئے۔اسلامک سینٹر آف انڈیا کی جانب سے انجمنوں کو توصیفی سند دے کر سرفراز کیاگیا۔ جلسہ کے آخر میں ملک و ریاست میںامن، ترقی، خوشحالی اور باہمی بھائی چارہ کی دعا کی گئی۔
وہیں آل انڈیا محمدی مشن کی جانب سے درگاہ شاہ مینا سے ظہر کی نماز کے بعد جلوس محمدیؐ نکالا گیا۔ شہر کے مختلف علاقوں سے جلوس میں شامل ہوئی انجمنیں مولانا ابوالعرفان فرنگی محلی اور مشن کے صدر ایوب اشرف کی قیادت میں چوک کے جیوتی باپھلے پارک کے سامنے پہنچیں جہاں جلوس جلسہ میں تبدیل ہو گیا۔ جلوس میں شامل بینڈوں سے بجتی نعت اور منقبت ماحول کو روحانی بنا رہی تھی۔ جلوس میں خانہ کعبہ کے ماڈل کے ساتھ نعرہ تکبیر، نعرہ رسالت، پتہ- پتہ، پھول- پھول، یا رسولؐ – یا رسولؐ کے نعرے لگاتے ہوئے لوگ شامل ہوئے ۔درگاہ شاہ مینا سے نکل کر جلوس منڈی کراسنگ ہوتے ہوئے جیوتی باپھلے پارک کے سامنے پہنچ کر جلسہ میں تبدیل ہو گیا۔ جلسہ کو خطاب کرتے ہوئے مولانا ابوالعرفان فرنگی محلی نے کہا کہ یہ مبارک دن ہمارے نبیؐ کی ولادت کا دن ہے۔ انہوںنے کہاکہ آج ہم برائیوں کی طرف بڑھتے جارہے ہیں۔ ان برائیوں کا خاتمہ دل میں خدا کا خوف پیدا کر کے اور اللہ و رسول کے بتائے راستہ پر چل کر کیا جا سکتا ہے۔ دنیاکی کوئی چیز اللہ کے عذاب سے نجات نہیں دلا سکتی ہے اس لئے ضروری ہے کہ ہم اسلام کی تعلیم سیکھیں اور تعلیمات نبویؐ پر عمل کریں۔ جلسہ کو مشن کے صدر ایوب اشرف، نائب صدر شیخ شاکر علی مینائی، سکریٹری احمد ندیم، محمد فیضان عتیق فرنگی محلی سمیت دیگر افراد نے بھی خطاب کرتے ہوئے سیرت رسولؐ پر عمل کی تلقین کی۔