پریاگ راج: اترپردیش میں پریاگ راج کے دارا گنج علاقے میں معمولی جھگڑے میں حملہ آوروں نے سابق کونسلر کے بھتیجے کو اس حد تک مارا کہ اس کی موت ہوگئی۔
پولیس ذرائع نے پیر کو یہاں بتایا کہ بہادرگنج کے سابق کونسلر شیو بابو اگرہری کا بھتیجہ امت اگرہری (18)اپنے والد جے بابو اگرہری کے ساتھ کوتوالی تھانہ علاقے کے ٹھاکر دین کے احاطے میں رہتا تھا۔اتوار کی رات وہ سنگم علاقے میں اپنے دوست کے ساتھ موٹرسائکل پر باہر نکلا تھا۔
ذرائع نے بتایا کہ لوٹتے وقت قلعہ کے پاس ان کی بائک میں پٹرول ختم ہوگیاتو وہ آنے جانے والوں سے مدد مانگنے لگے ۔
اسی دوران وہاں سے گزرہی ایک موٹرسائکل پر سوارایک شخص نے انہیں نازیبا الفاظ کہے اور اس طرح جھگڑا شروع ہوگیا۔لوگوں نے بیچ بچاؤ کیا۔کچھ دیر بعد دوسری موٹرسائکل پر سوارشخص اپنے ایک دوست کے ساتھ واپس آیااور دونوں نے امت پر حملہ کردیا اور اسے ڈنڈوں سے پیٹنے لگے ۔امت کو گہری چوٹ لگی اور وہ بے ہوش ہوگیا۔زخمی حالت میں اسے اسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔
متوفی کے والد جے بابو اگرہری نے تھانہ میں دی گئی تحریر میں لکھا ہے کہ 20،25دن پہلے کسی گوپال پاٹھک نام کے شخص نے امت کو فون کرکے جان سے مارنے کی دھمکی دی تھی۔اس سلسلے میں پولیس نے دفعہ 302اور 305 کے تحت گوپال پاٹھک اور ایک دیگر کے خلاف مقدمہ درج کرکے ملزمین کی تلاش شروع کردی ہے ۔