بھوپال:مدھیہ پردیش کے سبھی 230 اسمبلی حلقوں میں کل 28 نومبر کو سخت سیکورٹی کے درمیان پولنگ ہوگی۔
کل ووٹنگ کے لئے الیکشن کمیشن نے سبھی تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔ پولنگ صبح آٹھ بجے سے پانچ بجے تک ہوگی اور پانچ کروڑ تین لاکھ سے زیادہ ووٹر اپنے حق رائے دہی کا استعمال کر سکیں گے ۔
نکسل متاثرہ بالاگھاٹ کے تین حلقوں میں پولنگ صبح سات بجے سے دوپہر تین بجے تک جاری رہے گی۔
ریاست کے چیف الیکشن آفیسر بی ایل کانتاراؤ نے بتایا کہ الیکشن کمیشن ریاست میں آزاد، منصفانہ اور پرامن پولنگ کرانے کے لئے پابند عہد ہے اور اس کے لئے تمام ضروری انتظامات مکمل کیے جا چکے ہیں۔ پولنگ مراکز پر پولنگ ٹیم پہنچانے کا کام شروع ہو گیا ہے ۔ ریاست کے پانچ کروڑ، تین لاکھ 94 ہزار 86 ووٹر الیکٹرونک ووٹنگ مشین (ای وی ایم) کے ذریعے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کرسکیں گے ۔ یہ ووٹر انتخابی میدان میں موجودہ 2907 امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ کریں گے ۔ ووٹروں میں دو کروڑ 62 لاکھ 56 ہزار 157 مرد اور دو کروڑ 40 لاکھ 76 ہزار 693 خواتین شامل ہیں۔ سروس ووٹر کی تعداد 59 ہزار 826 ہے جبکہ تیسری صنف کے ووٹروں کی تعداد ایک ہزار سے زائدہے ۔سرکاری اطلاعات کے مطابق انتخابات کے لئے سبھی65 ہزار 367 پولنگ مراکز پر ای وی ایم کے ساتھ وي وي پیٹ کا استعمال ہوگا۔ مشین خراب ہونے پر اسے فوری طور تبدیل کے لئے سبھی سیکٹر مجسٹریٹ کے پاس ریزرو مشینیں بھی رکھی گئی ہیں۔ پولنگ سے قبل نوٹا سمیت سبھی امیدوار کے نام اور پہچان کے سامنے کا بٹن دبانے کی فرضی پولنگ کی مشق (ماک پول) کی جائے گا۔ماک پول کی پرچی کو سیاہ لفافے میں سیل کر پلاسٹک باکس میں رکھ کر گلابی کاغذ سیل کرکے ماک پول سرٹیفکیٹ جاری ہوگا۔
تمام مراکز پر تین لاکھ 782 ووٹنگ کارکن لگائے گئے ہیں۔ مقرر کارکنوں میں دو لاکھ 54 ہزار 878 مرد اور 45 ہزار 904 خواتین ملازم شامل ہیں۔ اس میں سے تین ہزار 46 پولنگ مراکز، خاتون ووٹنگ اہلکاروں کے ذریعے چلائے جائیں گے جبکہ 160 پی ڈبلیو ڈی بوتھ کا انتظام معذور ملازمین کے پاس ہوگا۔حساس پولنگ مراکز پر ویب کاسٹگ اور سی سی ٹی وی کا انتظام کیا گیا ہے ۔ قابل ذکر ہے کہ ویب کاسٹنگ کے ذریعے 6 ہزار 655 پولنگ مراکز پر براہ راست نشر یئے اور 6 ہزار 400 پولنگ مراکز پر سی سی ٹی وی کیمروں سے خصوصی نگرانی کا انتظام کیا گیا ہے ۔ اس کام کے لیے ہر پولنگ مرکز پر ایک اضافی شخص بھی مقرر کیا گیا ہے ۔ریاست میں منصفانہ اور آزادانہ انتخابات کے لیے 12 ہزار 363 مائیکرو آبزرور کو پولنگ مراکز پر تعینات کیا گیا ہے ، ان میں 12 ہزار 211 مرد اور 152 خواتین مائیکرو آبزرور شامل ہیں۔الیکشن کمیشن نے صد فیصد پولنگ یقینی بنانے کے لئے پختہ انتظامات کئے ہیں۔ جگہ جگہ ایل ای ڈی اسکرین نصب کئے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ عوامی مقامات پر ہونے والی سرگرمیوں اور ہورڈنگ کے ذریعے بھی ووٹروں کو بیدار کیا جا رہا ہے ۔