بولی وڈ کے ہیرو آیوشمن کھرانہ جن کی حال ہی میں ریلیز ہونے والی رومانٹک کامیڈی فلم ’بدھائی ہو‘ نے خوب پیسے بٹورے ان کی اہلیہ طاہرہ کشیپ نے رواں برس ستمبر میں انکشاف کیا تھا کہ انہیں بریسٹ کینسر لاحق ہوا ہے۔
اپنی سوشل میڈیا پوسٹ کے ذریعے 35 سالہ لکھاری طاہرہ کشیپ نے بتایا تھا کہ انہیں کینسر سے ان کا دایاں ‘بریسٹ’ متاثر ہوا ہے اور انہوں نے ‘میسٹیکٹمی’ کروائی ہے۔
طاہرہ کشیپ نے بتایا تھا کہ ان میں ‘ڈکٹل کارنوما انسیٹو’ (ڈی سی آئی ایس) نامی وائرس کی تشخیص ہوئی، جس کا مطلب یہ ہوا کہ وہ ہولی وڈ اداکارہ انجلینا جولی کا آدھا بھارتی ورژن ہیں۔
خیال رہے کہ ‘میسٹیکٹمی’ میں بریسٹ کو ہٹادیا جاتا ہے یا پھر انہیں مختصر کرکے کینسر کو مزید پھیلنے سے روکا جاتا ہے۔
طاہرہ کشیپ نے ستمبر میں اپنی ایک تصویر بھی شیئر کی تھی، جس میں انہیں دوران علاج دیکھا جاسکتا تھا۔
اگرچہ انہوں نے بریسٹ کینسر کے لیے سرجری بھی کرائی اور خیال کیا جا رہا تھا کہ ان کا کینسر ختم ہوجائے گا، تاہم ایسا نہیں ہوا۔
طاہرہ کشیپ نے اب 2 ماہ بعد بتایا ہے کہ ان میں کینسر کے پہلے اسٹیج کی تشخیص ہوئی ہے، جس کے علاج کے لیے ان کی 12 کیموتھراپیاں ہونی ہیں۔