کانگریس نے انڈین کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور سابق رکن پارلیمنٹ محمد اظہرالدین کو تلنگانہ کانگریس کا کارگزار صدر مقرر کیا ہے۔ کانگریس کے جنرل سکریٹری اشوک گہلوت نے جمعہ کو یہاں جاری ایک ریلیز میں یہ اطلاع دی۔ انہوں نے بتایا کہ کانگریس کے صدرراہل گاندھی نے اظہرالدین کے نام کو منظوری دی ہے۔ اس کے ساتھ ہی تلنگانہ کانگریس کے لئے دو نائب صدر بھی مقرر کئے گئے ہیں۔
پارٹی نے ریاستی کانگریس میں دو اور تقرریاں منظور کی ہیں جن میں سینئر لیڈر بی ایم ونود کمار اور جعفر جاوید کو نائب صدر مقرر کیا گیا ہے۔ ریاستی کانگریس کے لئے آٹھ جنرل سکریٹری اور چار سکریٹری بھی بنائے گئے ہیں۔
اظہرالدین تلنگانہ کانگریس کے کارگزار صدر مقرر، سندیپ دکشت کانگریس میں سکریٹری مقرر
انڈین کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور سابق رکن پارلیمنٹ محمد اظہرالدین: فائل فوٹو۔
وہیں، دوسری طرف، کانگریس نے پارٹی کے سینئر لیڈر اور سابق رکن پارلیمنٹ سندیپ دکشت کو پارٹی کا سکریٹری مقرر کیا ہے۔ کانگریس جنرل سکریٹری اشوک گہلوت نے جمعہ کو بتایا کہ پارٹی کے صدر راہل گاندھی نے دکشت کی سکریٹری عہدے کےلئے تقرری کو منظوری دے دی ہے۔
دکشت دہلی کی سابق وزیراعلی شیلا دکشت کے بیٹے ہیں۔ پارٹی نے انہیں سکریٹری مقرر کرکے سماجی رابطہ سیل سے منسلک کیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی پارٹی نے کرناٹک کے سینئر لیڈر لِنگاراجو کوکرناٹک ماہی گیر کانگریس کا صدر مقرر کیا ہے۔