میرٹھ ۔تھانہ سرور پور میں گذشتہ روز مال خانے میں رکھے بارود میں اچانک آگ لگ گئی۔ ایک کے بعد ایک کئی دھماکوں سے پورا علاقہ دہل گیا اور تھانے میں بھگدڑ مچ گئی آگ میں سات پولس اہلکار بری طرح جھلس گئے جنہیں فوری طور پر میڈیکل کالج میں داخل کرایا گیا ۔ موقع پر پہنچ کر ایس پی دیہات ایم ایم بیگ نے جائے موقع کا معائنہ کیا اور معاملہ میں لاپروائی کی بات سامنے آنے پر جانچ کا حکم دیا ۔موصولہ خبر کے سرورپور تھانے میں تعینات منشی رام گوپال اور ہیڈ محرر مال خانے میں رکھے ہوئے سامان کی جانچ کررہے تھے۔ سامان میں کچھ دھماکہ خیز اشیاء رکھی ہوئی تھی جسے پولس اہلکاروں نے باہر رکھ دیا ۔اسی دوران قریب میں رکھے ہوئے کاغذوں میں آگ لگ گئی اور آگ کی چنگاری بارود میں جاگری۔جس کے بعد تیز دھماکوں سے پورا علاقہ دہل گیا۔دھماکہ میں ستار ، فیرو سنگھ، راجبیر، بابو، یوسف، اور وکیل سمیت سات چوکیدار شدیدطور سے زخمی ہو گئے ۔ آگ کی زد میں آکر تین گاڑیاں اور دیگر سامان جل کرراکھ ہو گیا ۔ موقع پر فائر برگیڈ اور پولس اہلکاروں نے کافی مشقت کے بعد آگ پر قابو پایا ۔