رائے بریلی: اترپردیش کے ضلع رائے بریلی کے سلطان پور روڈ پر واقع ریلوے کراسنگ پر جمعہ کو بریلی پریاگ پیسنجر کی زد میں آکر ایک ٹرک پوری طور سے برباد ہوگیا۔
حادثے کے بعد اس روٹ پرریل آمدورفت متاثر ہوا ہے ۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ رائے بریلی ریلوے اسٹیشن سے علی الصبح دو بجے 50 منٹ پر روانہ گاڑی نمبر 14308 ڈاون بریلی۔پریاگ پیسنجر سلطان پور روڈ واقع گیٹ نمبر 147۔اے سے گذر رہے ایک ٹرک سے ٹکرا گئی۔ اس ٹرک کا پچھلے حصہ کے پرخچے اڑ گئے اور ٹرین کے انجن میں بھی خرابی آئی ہے ۔واقعہ کے وقت کراسنگ کھلی تھی اور ٹریفک کا آمد ورفت جاری تھا۔ حادثے کے بعد ڈرائیور ٹرک کوٹریک پر چھوڑ کر فرار ہوگیا۔ اس وجہ سے ٹرین قریب آدھے گھنٹے تک وہیں کھڑی رہی۔ جس کے بعد ٹرین کو کسی طرح اگلے اسٹیشن روپامئو تک لے جایا گیا۔ روپامئو میں تین گھنٹے بعد گوری گنج سے آئے انجن اور لوکو پائلٹ گاڑی لیکر گیا۔اس حادثے میں لوکو پائلٹ کے وی سنگھ کو بھی چوٹیں آئی ہیں جنہیں علاج کے لئے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے ۔ معاملے میں سبھی ذمہ داروں کے بیان درج کئے گئے ہیں۔ حادثے کا شکار ٹرک کو ٹریک سے ہٹا دیا گیا ہے حادثے کے وقت ٹرین کی رفتار تقریبا 40 کلومیٹر فی گھنٹہ بتائی جارہی ہے ۔اس معاملے میں گیٹ مین کا کہنا ہے کہ روڈ پر ٹریفک زیادہ ہونے کی وجہ سے گیٹ بندنہیں ہوسکا تھا۔ جس سے سگنل بھی نہیں دیا گیا تھا۔ دوسری طرف لوکو پائلٹ کا کہنا ہے کہ رائے بریلی سے روانہ ہونے سے پہلے گیٹ مین کو اطلاع دی گئی تھی۔ گیٹ کے سامنے پہنچنے پر گاڑی روکنے کی پوری کوشش کی لیکن انجن ٹرک سے ٹکرا گیا۔