ندبئی (بھرت پور) : بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) کی سپریمو مایاوتی نے راجستھان میں کانگریس کے ساتھ اتحاد نہیں ہونے پر ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس ہمیں کمزور کرنا چاہتی ہے ۔
بی ایس پی امیدوار کی حمایت میں منعقدہ انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے محترمہ مایاوتی نے کہا کہ”ہم کانگریس سے اتحاد کے لئے تیار تھے لیکن وہ صرف دس بارہ سیٹیں ہی دینا چاہتی تھی جو ہمیں منظور نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ” کانگریس ہمیں یہاں کمزور کرنا چاہتی تھی لہذا ہم نے تنہا الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا”۔ انھوں نے کانگریس پر الزام لگایا کہ کمزور طبقے کے تئیں کانگریس کی نیت صاف ہوتی تو کانشی رام کو 1984 میں بی ایس پی کا قیام نہیں کرنا پڑتا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس دلتوں اور کمزور طبقے کی بات تو کرتی ہے لیکن ان کی حالت بہتر کرنے کی کوئی کوشش نہیں کرتی۔ یہی وجہ ہے کہ دلت طبقہ آج بھی ترقی کی راہ دیکھ رہا ہے ۔ انہوں نے بی جے پی پر بھی دلت مخالف ذہنیت رکھنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ بی جے پی کی حکومتوں میں دلتوں پر ظلم ہو رہا ہے ، ان کو گھوڑے پر نہیں بیٹھنے دیا جاتا اور انہیں اعلی طبقے کے ہاتھوں سماجی زیادتیوں کا شکار بنایا جاتا ہے ۔