لکھنؤ: اتر پردیش کی اسپیشل ٹاسک فورس(ایس ٹی ایف) نے مظفر نگر میں ایک تصادم کے دوران ایک لاکھ کے انعامی بدمعاش کو گرفتار کیا ہے ۔
سینئرپولیس سپرینٹنڈن ابھیشیک سنگھ نے سنیچر کو یہاں بتایا کہ کھتولی قصبے میں ایس ٹی ایف سے ہوئے تصادم کے دوران ایک لاکھ روپئے کے انعامی بدمعاش کو گرفتار کیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ گرفتار بدمعاش اکرم قریشی کھالاپار علاقہ کا باشندہ ہے ۔ اس کے پاس سے ایک طمنچہ( 315 بور)، پانچ کارتوس( 315 بور)برآمد کیاہے ۔ بدمعاش کئی معاملات میں پولیس کو مطلوب چل رہاتھا۔
انہوں نے بتایا کہ جمعہ کو ذرائع سے اطلاع ملی کہ اکرم قریشی اپنے ساتھیوں سے ملنے بڑھانا تراہا کے پاس آئے گا۔ ایس ٹی ایف میرٹھ ٹیم نے کھتولی پولیس کے ساتھ بڑھانا تراہے پر گھیرا بندی کی۔ اسی دوران میرٹھ کی طرف سے بس آتی ہوئی دکھائی دی۔ بس میں انعامی ملزم اکرم قریشی کے ہونے کی تصدیق ہوئی۔ ٹیم کے ذریعہ بس کی سواریوں کی چیکنگ کی گئی ۔اس درمیان بدمعاش بھاگنے کی کوشش کرنے لگا۔ ایس ٹی ایف ٹیم نے بدمعاش کو طاقت کا استعمال کر کے گرفتار کر لیا۔ پوچھ گچھ میں بدمعاش نے بتایا کہ وہ گذشتہ ڈیڑھ سال سے مفرور چل رہا ہے تھاْ وہ فرار ہونے کے بعد رانچی میں جاکر چھپ گیا تھا۔ پولیس نے مختلف معاملوں میں اس کی گرفتاری کے لئے ایک لاکھ روپئے کے انعام کا اعلان کیا تھا۔