انڈین بالی وڈ اداکارہ پرینکا چوپڑہ نے کہا کہ جب گلوکار نک جوناس نے گذشتہ گرمیوں میں شادی کے لیے انھیں پروپوز کیا تو انھیں معلوم تھا کہ ان کی شادی میں نہ صرف ان دونوں کا ملاپ ہوگا بلکہ مختلف تہذیب و ثقافت، مذہب اور خاندانوں کا بھی اختلاط و ارتباط ہوگا۔
چھتیس سالہ پرینکا چوپڑہ نے کہا کہ ‘ہر لڑکی اپنی شادی پر شہزادی بننے کا خواب دیکھتی ہے، لیکن میرا شادی کے متعلق کوئی منصوبہ نہیں تھا کہ میں کیا بننا چاہتی ہوں۔’
پرینکا چوپڑہ اور نک جوناس کی شادی راجستھان کے شہر جودھ پور میں ہوئی۔ سنیچر کو ان کی شادی مسیحی رسم و رواج کے مطابق ہوئی اور اتوار کے دن ہندو رسم و رواج کے مطابق۔
پرینکا نے کہا کہ جب 26 سالہ گلوکار نک جوناس نے کہا کہ وہ دونوں کے مختلف پس منظر کا جشن منانے کے لیے ایک کی بجائے شادی کی دو تقاریب انڈیا میں منعقد کرنے کا بڑا منصوبہ رکھتے ہیں ‘تو میرا دل بھر آیا۔’
یکم دسمبر کو ان کی مہندی کی تقریب ہوئی جس میں حنا سے انھوں نے ٹیٹوز بنوائے اور اسی رات سنگیت کا پروگرام بھی منعقد ہوا۔