اٹلی کے ایک نائٹ کلب میں بھگدڑ مچنے سے 5 نوجوان اور ایک خاتون ہلاک ہوگئیں جبکہ 54 افراد حادثے میں زخمی بھی ہوگئے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق اطالوی قصبے کوری نالڈو کے نائٹ کلب میں رات گئے ایک کنسرٹ جاری تھا کہ اچانک وہاں بدنظمی پیدا ہوگئی۔
ان حالات میں نائٹ کلب میں لوگوں کے درمیان ہلچل ہونے کی وجہ سے بھگدڑ مچ گئی۔
اپنی جان بچانے کے لیے لوگ نائٹ کلب کے دروازے کی جانب بڑھنے لگے اور ایسے میں وہ ایک دوسرے پر چڑھ کر آگے نکلنے کی کوشش کرنے لگے۔
تفتیش کاروں کا کہنا ہے کہ لوگوں کے درمیان ہلچل مرچ پاوڈر یا اس جیسی کسی اشیا کے اسپرے سے پیدا ہوئی جو دیکھتے ہی دیکھتے جان لیوا بھگدڑ میں تبدیل ہوگئی۔
واقعے میں مرنے والے 5 افراد کی عمریں 18 سال سے بھی کم ہیں جن میں 3 لڑکیاں اور 2 لڑکے شامل ہیں، جبکہ نوجوان لڑکے اور لڑکیاں تھے جبکہ ایک خاتون بھی اس کی زد میں آکر اپنی جان گنوا بیٹھی۔
مقامی ریسکیو ادارے نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر کہا کہ تصدیق کی کہ آنکھوں کو تکلیف دینے والے کسی مادے کے اسپرے کی وجہ سے حادثہ پیش آیا جس میں 6 لوگ اپنی جان سے گئے۔
ریسکیو ادارے کے اہلکار نے مقامی ٹی وی چینل کو بتایا کہ زخمیوں میں 14 افراد کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 40 افراد معمولی زخمی ہوئے۔
تفتیش کاروں نے بتایا کہ جو لوگ اوپر کی جانب تھے ان کے بھاگنے کی وجہ سے عارضی طور پر بنائی گئی چھت گر گئی جس کی وجہ سے اس کے نیچے موجود افراد دب گئے۔
ایک 16 سالہ زخمی لڑکے نے ہسپتال میں مقامی میڈیا کو بتایا کہ ہم وہاں رقص کر رہے تھے اور کنسرٹ کے شروع ہونے کا آغاز کر رہے تھے اسی دوران ایک عجیب بو محسوس ہونے لگی۔
اس کا کہنا تھا کہ اس بو سے بچنے کے لیے ہم تمام لوگ ایمرجنسی دروازے کی جانب بھاگے جس کے بعد ہر کوئی بھاگنے لگا۔
خیال رہے کہ یورپ میں عوامی جگہوں پر ایسے واقعات رونما ہوتے رہتے ہیں۔
2017 میں اٹلی کے شہر ٹورن میں فٹبال چیمپیئنز لیگ کے ایک میچ میں بم کی جھوٹی افواہ پر بھگدڑ مچنے کی وجہ سے ایک خاتون ہلاک جبکہ 15 سو افراد زخمی ہوگئے تھے۔