میلبرن: آسٹریلوی یونیورسٹی کے چائنیز ماہرین نے دنیا کا پتلا ترین کیمرہ لینس تیار کیا ہے جس کے بعد کریڈٹ کارڈ جتنے اسمارٹ فون بنانا ممکن ہوجائے گا۔
اس مائیکرولینس کی موٹائی صرف 6.3 نینو میٹر ہے جس نے اس سے قبل 50 نینومیٹر موٹے لینس کا ریکارڈ توڑدیا ہے اور اس کی قیمت سے آلات اور انڈسٹری میں ایک نیا انقلاب متوقع ہے۔ ماہرین کا خیال ہےکہ اس طرح کے بہت سے لینس جوڑ کر کیڑے مکوڑوں کی طرح مرکب ( کمپاؤنڈ) آنکھ تیار کرنا ممکن ہے جو انسانوں کو دیکھنے کی ایک بالکل نئی جہت سے روشناس کرائے گی۔
سائنسی جریدے میں شائع رپورٹ کے مطابق آسٹریلین نیشنل یونیورسٹی کے سائنسدانوں نے مولبڈینم ڈائی سلفائیڈ ( ایم او ایس ٹو) کی ایک واحد پرت پر تحقیق کی ہے جو ایک لینس کا کام کرسکتی ہے اور اسے دنیا کا سب سے پتلا لینس قرار دیا جاسکتا ہے۔ یہ مکھیوں کی آنکھ میں مائیکرولینس کی طرح کام کرتا ہےاور مناسب درجہ حرارت برداشت کرسکتا ہے جب کہ یہ ساتھ ہی روشنی کے ذرات یعنی فوٹون بھی خارج کرسکتا ہے۔