رومن کیتھولک کے روحانی پیشوا پوپ فرانسیس نے کرسمس کے موقع پر اپنے پیغام میں شام ،یمن اور دوسرے جنگ زدہ علاقوں میں امن کی اپیل کی ہے۔
پوپ فرانسیس نے سینٹ پیٹرز اسکوائر ،ویٹی کن سٹی میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’کرسمس کے خوشی کے موقع پر میں بھائی چارے کی خواہش کا اظہار کرتا ہوں ۔مختلف اقوام،مذاہب ،نظریات اور ثقافتوں سے تعلق رکھنے والے افراد کے درمیان بھائی چارے کی دعا کرتا ہوں‘‘۔
پاپائے روم نے جنگ زدہ یمن میں امن اور جنگ بندی کی خواہش کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ ’’عالمی برادری کی ثالثی کے نتیجے میں طے پانے والی جنگ بندی سے یمن کے تمام بچوں اور عوام کو حتمی ریلیف ملنا چاہیے‘‘ ۔
انھوں نے شام میں بھی جنگ کے خاتمے کی دعا کی ہے اور کہا ہے کہ عالمی برادری کو اس ملک میں جاری بحران کے سیاسی حل کے لیے فیصلہ کن انداز میں کام کرنا چاہیے تاکہ شامی عوام اور بالخصوص اپنے گھربار چھوڑ کر بے وطن ہوجانے والے شامی اپنے گھروں کو لوٹ سکیں اور اپنے وطن میں امن کی زندگیاں گزار سکیں۔
انھوں نے اسرائیل اور فلسطینیوں کے درمیان امن مذاکرات کی بحالی کے لیے بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے تاکہ سرزمین فلسطین میں گذشتہ ستر سال سے جاری تنازع کا خاتمے ہوسکے اور اللہ کی چنیدہ سر زمین ایک مرتبہ پھر دنیا کو اپنا محبت آمیز چہرہ دکھا سکے۔