جونپور: اترپردیش کے جونپور میں سراوں ا واقع لال بہادر گپت میموریل پر جمعرات کو مختلف تنظیموں کی سرکردہ شخصیات نے شہرہ آفاق شاعر مرزا اسد اللہ خاں غالبؔ کے 221 ویں یوم پیدائش پر انہیں خراج عقیدت پیش کی۔
شہید میموریل پر موجود لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے لکشمی بائی بریگیڈ کی صدر منجیت کور نے کہا کہ ملک کے مشہور شاعر مرزا اسد اللہ خاں غالبؔ کی پیدائش 27 دسمبر 1797 کو اترپردیش کے آگرہ میں ہوئی تھی۔ دہلی کی گلی قاسم جان میں واقع حویلی میں غالب نے اپنی زندگی کا لمبا سفر بسر طے کیا۔
انہوں نے کہا کہ مرزا غالب ؔنے 11 سال کی عمر سے ہی اردو اور فارسی میں نثر اور نظم لکھنا شروع کر دیا تھا۔ اس حویلی کو میوزیم کی شکل دی گئی ہے ، جہاں پر غالب کا کلام بھی دیکھنے کو ملتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اردو فارسی ادب کے عظیم شاعر مرزا غالب کو لوگ پیار سے مرزا نوشہ کے نام سے بھی پکارتے تھے ۔
غالب نے دہلی میں 1857 کا انقلاب دیکھا، انگریزوں کا عروج اور مغل بادشاہ بہادر شاہ ظفر کا زوال دیکھا اور ملک کے عوام پر انگریزوں کی ظلم و زیادتی کوبھی اپنی آنکھوں سے دیکھے تھے ۔ اس موقع پر ڈاکٹر دھرم سنگھ، منیجر پانڈے ، انیرودھ سنگھ، منجیت کور سمیت کئی لوگ موجود تھے ۔