گیند بازوں کے بعد ہاشم آملہ کی نصف سنچری کی بدولت پہلے ٹیسٹ میں جنوبی افریقہ نے پاکستان کو چھ وکٹوں سے شکست دیدی ہے ۔ باکسنگ ڈے ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا اور پہلی اننگز میں 181 رن پر آوٹ ہوگئی ، جس کے جواب میں جنوبی افریقہ نے 223 رن بنائے ۔
پاکستان اپنی دوسری اننگز میں بھی صرف 190 رن ہی بناکر آل آوٹ ہوگئی اور اس طرح سے جنوبی افریقہ کو جیت کیلئے 149 رنوں کا ہدف ملا ، جس کو اس نے چار وکٹ گنواکر حاصل کرلیا ۔ اس میچ میں ڈیان اولیور نے شاندار گیند بازی کا مظاہرہ کیا اور پاکستان کے 11 کھلاڑیوں (پہلی اننگز میں 6 اور دوسری میں 5) کو پویلین کی راہ دکھائی ۔
پاکستان کی جانب سے دئے گئے 149 رنوں کے ہدف کے تعاقب میں میزبان ٹیم کے سلامی بلے باز میدان میں اترے تو دوسرے ہی اوور میں حسن علی کی گیند پر اوپننگ بلے باز ایڈن مرکرم ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہو گئے۔دوسری وکٹ کے لیے ہاشم آملہ اور ڈین ایلگر کے درمیان 119 رنز کی شراکت قائم ہوئی اور ڈین ایلگر 50 رنز بنانے کے بعد پارٹ ٹائم گیند باز شان مسعود کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ ہوئے۔
تیسرے وکٹ کی شکل میں بریون 10 رن بناکر آوٹ ہوئے ۔ جبکہ کپتان فاف ڈوپلیس اپنا کھاتہ بھی نہیں کھول سکے اور پویلین لوٹ گئے ۔ تاہم ایک جانب سے ہاشم آملہ نے شاندار بلے بازی کی اور 63 رن بناکر ناٹ آوٹ رہے ۔ دوسری اننگز میں حسن علی ، شان مسعود ، شاہین شاہ آفریدی اور یاسر شاہ نے ایک ایک وکٹ لئے ۔