بلند شہر میں تشدد کے معاملہ میں پولیس کو بڑی کامیابی ہاتھ لگی ہے۔ پولیس نے انسپکٹر کے قتل کیس میں پرشانت نٹ کو گرفتار کرنے کے بعد ایک دیگر ملزم کلووا کو گرفتار کرلیا ہے۔ الزام ہے کہ تشدد والے دن ملزم نے ہی کلہاڑی سے انسپکٹر کو سنگین طور پر زخمی کردیا تھا ، جس کے بعد پرشانت نٹ نے انہیں گولی ماری تھی۔
پولیس ملزم کو آج عدالت میں پیش کرے گی ۔ بتادیں کہ تشدد کے معاملہ میں اب تک 29 ملزمین کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔ وہیں معاملہ کے اہم ملزم بجرنگ دل کا ضلع کنوینر ابھی بھی پولیس کی گرفت سے دور ہے۔
ادھر بلند شہر تشدد معاملہ میں پولیس کی کارروائی سے مقامی لوگوں میں بھی پولیس انتظامیہ کے خلاف غصہ نظر آرہاہے ۔ مشتعل لوگوں نے ہفتہ کو بی جے پی ممبر اسمبلی دیویندر سنگھ لودھی کو تین گھنٹے تک یرغمال بناکر رکھا ۔ ساتھ ہی ساتھ وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ سے سی بی آئی جانچ اور بے قصور مقامی لوگوں کی گرفتاری نہ کرنے کا مطالبہ کیا ۔