لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔ پسماندہ اور بہت زیادہ پسماندہ طبقوں تک سماج وادی پارٹی کی پالیسیاں اور حصولیابیاں پہنچانے کیلئے سماج وادی پارٹی کی سماجی انصاف ادھیکار یاترا کو آج پارٹی صدر دفتر سے وزیر جیل راجندر چودھری نے ہری جھنڈی دکھاکر روانہ کیا۔ ریلی کے کنوینر گایتری پرساد پرجاپتی، وزیر ونائب صدر پسماندہ سیل کی قیادت میں مذکورہ ریلی چھ فروری سے دس فروری تک قنوج ، مین پوری، اوریا، اٹاوہ اور فرخ آباد تک جائے گی۔ سماجی انصاف حقوق رتھ یاترا کو روانہ کرتے ہوئے وزیر جیل راجندر چودھری نے کہا کہ ملائم سنگھ یادو نے پسماندہ طبقوں کی بہت عزت کی ہے اور انہیں ترقی کے مواقع دیئے ہیں۔ انہوںنے ۱۷ سب سے زیادہ پسماندہ ذاتوں کو درج فہرست کی سہولیات مہیا کرائی ہے جسے بی ایس
پی حکومت نے ختم کر دیا تھا۔ وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو نے دوبارہ سہولیات مہیا کرانے کیلئے مرکزی حکومت کو خط تحریر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سماجی انصاف کے اصولوں کو آگے بڑھاتے ہوئے سماج وادی پارٹی نے پسماندہ طبقوں میں عوامی بیدار ی کیلئے یاترائیں شروع کیں۔ انہوں نے کہا کہ جنہوں نے سماج میں مساوات کی مخالفت کی وہ آج بھی محروموں کو ان کے حقوق اور انہیں وقار نہیں بخشنا چاہتے۔ مسٹر چودھری نے مزید کہا کہ کانگریس، بی جے پی اور بی ایس پی کی سماجی پالیسیوں کے سبب پسماندہ طبقو
ں کو انصاف نہیں مل سکا ہے۔ سماج وادی پارٹی اس نا انصافی کے خلاف مسلسل جدو جہد کر رہی ہے۔ ملائم سنگھ یادو نے پارلیمنٹ میں اور پارلیمنٹ کے باہر پسماندہ طبقوں کے حقوق کیلئے آواز اٹھائی ہے۔ سماجی انصاف حقوق ریلی آج لکھنؤ سے شروع ہوکر بانگرمئو، بلہور، ککون، رسول آباد، بیلا و تروا ہوتے ہوئے قنوج پہنچ کر رات میں قیام کرے گی۔ ریلی میں رام آسرے وشو کرما صدر پسماندہ طبقہ کمیشن، نریش اتم صدر سماج وادی پسماندہ طبقہ سیل اور ڈاکٹر راج پال کشیپ کے علاوہ کثیر تعداد میں لوگ شامل تھے۔