لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔ طویل عرصہ سے بجلی سے محروم کاشی رام اسکیم کے باشندوں نے شکتی بھون کا گھیراؤ کیا۔ ریاست کے توانائی دفتر کے گیٹ کو بند کرکے لوگوں نے ہنگامہ آرائی کی۔اس دوران مظاہرین نے کئی مرتبہ سڑک پر جام لگا دیا جسے پولیس نے ہٹوایا۔ اسکیم کے الاٹیوں نے بتایا کہ صرف اس وجہ سے بجلی کی فراہمی نہیں کی جارہی ہے کیونکہ وہ جس کالونی کے باشندے ہیں اس کالونی کا نام کاشی رام کے نام سے منسوب ہے۔ پارہ، سدونا لولئی، چنہٹ و گہرو علاقہ کے تقریباً ساڑھے چھ ہزار لوگوں کو بجلی فراہم نہیں کی جا رہی ہے۔ ایسا نہیں ہے کہ مذکورہ علاقوں میں بجلی کے تار اور پول نہیں ہیں، ان علاقوں میں بجلی بھی فراہم کی جا رہی ہے ۔ اس سلسلہ میں کئی مرتبہ مظاہرے اور عرضداشت سپرد کی گئی لیکن پاور کارپوریشن نے بجلی مہیا نہیں کرائی۔ آخر کار مذکورہ کالونی کے لوگوں نے شکتی بھون کا گھیراؤ کرنے کا فیصلہ کیا۔ صبح ہوتے ہی مظاہرین شکتی بھون پر پہنچنے لگے اور کچھ ہی دیر میں شکتی بھون پر کثیر تعداد میں کاشی رام کالونی کے لوگ جمع ہو گئے۔ لوگوں کی مخالفت کو دیکھتے ہوئے شکتی بھون کا حفاظتی بندوبست سخت کر دیا گیا اور گارڈوں نے مورچہ سنبھال لیا، شکتی بھون کے گیٹ بند کر دیئے گئے ۔ باہر ہنگامہ کے دوران مظاہرہ کرنے والے لوگوں نے بھی گیٹ پر قبضہ کر لیا اور لوگوں کوباہر نکلنے سے روک لیا ۔ بہت سے لوگ سڑک پر بیٹھ گئے جس کی وجہ سے آمد و رفت متاثر ہو گئی۔ انتظامیہ افسران کو جب اس کی اطلاع ملی تو انہوں نے پولیس کی مدد سے ٹریفک بندوبست کو دوبارہ شروع کرایا اور سڑک پر بیٹھے ہوئے لوگوں کو ہٹایا۔ ہنگامہ کے بعد انتظامیہ نے یقین دلایا کہ ان کے مطالبات پر غور کیا جا رہا ہے اور جلد ہی کوئی فیصلہ کیا جائے گا۔ یقین دہانی کے بعد لوگ منتشر ہو گئے۔