ملک کے کئی حصوں میں سخت سردی پڑ رہی ہے۔ اس کڑاکے کی ٹھنڈ میں آپ کو ٹرین سے سفرکرنا تھوڑا بھاری پڑسکتا ہے۔
اب ریلوے آپ کا اسٹیشن آنے سے آدھا گھنٹہ پہلے ہی آپ سے کمبل اور چادر واپس لینے کی تیاری میں ہے۔ دراصل کمبل ، تکیہ ، چادر اور تولیہ کی چوری روکنے کیلئے ریلوے یہ قدم اٹھانے جارہا ہے۔
ٹرین سے سفر کے دوران اے سی کوچ میں مسافروں کو دو چادر ، ایک تکیہ ، ایک تولیہ اور ایک کمبل دیا جاتا ہے۔ سفر پورا ہونے کے بعد مسافرین یہ سبھی سامان اپنی سیٹ پر چھوڑ کر چلے جاتے ہیں ۔ اس کے بعد کوچ میں تعینات ملازمین وہ سبھی سامان اٹھاکر لے جاتے تھے ، لیکن ہر سال کیگ کی رپورٹ میں انکشاف ہوتا ہے کہ سفر کے دوران ٹرین سے اتنے لاکھ تولیے چوری ہوگئے اور اتنی لاکھ چادریں اور کمبل چوری ہوگئے۔
اس کو روکنے کیلئے حال ہی میں وزارت ریل نے ایک نیا فرمان جاری کیا ہے۔ ریلوے کے وزیر مملکت کے مطابق اب اے سی کوچ میں سفر کررہے مسافروں سے اس کا اسٹیشن آنے سے آدھا گھنٹہ پہلے یہ سبھی سامان لے لیا جائے گا۔ یہ قدم ریلوے نے سامان کی چوری روکنے کیلئے اٹھایا ہے۔ یہ معلومات لوک سبھا میں دی گئی ہے۔
دیکھنے میں آیا ہے کہ ٹرین سے سفر کے دوران سب سے زیادہ تولیے چوری ہوتے ہیں۔ تولیہ چوری کی تعداد زیادہ ہوتی ہے۔ اسی کے پیش نظر اب تولیہ کی جگہ یوز اینڈ تھرو والا نیپکن دینا شروع کردیا گیا ہے۔ حالانکہ ریلوے کے سبھی زون میں یہ نافذ نہیں ہوا ہے، لیکن صفائی کے اعتبار سے اس کو زیادہ کارآمد مانا جارہا ہے۔