کلکتہ: دی ایکسیڈنٹل پرائم منسٹر[؟]فلم آج کلکتہ کے کئی سینما میں ریلیز ہوگیا تاہم آج مختلف علاقوں میں کانگریس ورکروں نے جم کر ہنگامہ آرائی کی۔
یوتھ کانگریس کے ورکروں کے احتجاج کی وجہ سے کلکتہ میں فلم اسکریننگ کا پروگرام رد کردیا گیا ہے ۔یہ فلم سابق وزیراعظم منموہن سنگھ کے میڈیا صلاح کار سنجے باروکی کتاب پر مبنی ہے ۔
ذرائع کے مطابق سٹرل کلکتہ میں واقع چاندنی چوک کے ہند سنیما ہال میں فلم کی اسکریننگ ہونی تھی مگر بڑی تعداد میں کانگریسیوں کے احتجاج کی وجہ سے اس پروگرام کو رد کردیا گیا۔سینئر پولس اہلکار نے بتایا کہ کلکتہ میں سیکورٹی کے پیش نظر فلم اسکریننگ کو رد کردیا گیا ہے ۔تاہم اب تک یہ واضح نہیں ہوسکا ہے فلم کا اگلا شو دکھایا جائے گا یا نہیں۔
بنگال یوتھ کانگریس نے دعویٰ کیا ہے کہ اس فلم میں کانگریس اور گاندھی خاندان کی توہین کی گئی اور غلط حقائق کو پیش کیا گیا ہے ۔بنگال یوتھ کانگریس کے صدر شاداب خان نے کہا کہ ‘فلم کاٹائٹل ہی توہین آمیز ہے اور یہ بات سمجھ سے بالاتر ہے کہ منموہن سنگھ کو ایکسیڈنٹل پرائم منسٹر ثابت کرکے کیا ثابت کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ یہ بات خوش آئند ہے کہ فلم کی اسکریننگ روک دی گئی ہے ۔
اس سوال پر کہ اظہار خیال کی آزادی اس سے متاثر نہیں ہورہی ہے ۔یوتھ کانگریس کے لیڈر نے کہا کہ اس فلم کی وجہ سے لاکھوں کانگریسی ورکروں کے جذبات کو ٹھیس پہنچا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہم نے منصوبے کے تحت احتجاج نہیں کیا بلکہ جذبات سے لبریز کانگریسی ورکر س جمع ہوگئے ہیں۔