گاندھی نگر،17جنوری(یواین آئی)وزیراعظم نریندر مودی آج سے اپنی آبائی ریاست گجرات کے تین روزہ دورے پر رہیں گے اور اس دوران کئی پروگراموں میں حصہ بھی لیں گے اور ان کا افتتاح بھی کریں گے جس میں درخشاں گجرات کانفرنس 2019 کا نواں ایڈیشن بھی شامل ہوگا۔
سرکاری اطلاع کے مطابق مسٹر مودی احمدآباد ہوائی اڈے سے براہ راست دارالحکومت گاندھی نگر جاکر آج گلوبر ٹریڈ شو کا افتتاح کریں گے۔احمدآباد لوٹ کر وہ یہاں سرکاری شعبہ کے سردار پٹیلی انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنس اسپتال کا افتتاح اور سابرمتی ریورفرنٹ پر منعقد احمدآباد شاپنگ فیسٹیول کا بھی افتتاح کریں گے۔
وہ دارالحکومت گاندھی نگر میں 18سے 20جنوری تک منعقد درخشاں گجرات کانفرنس 2019 کے انعقاد کے مقام مہاتما مندر پر کئی میٹنگ بھی کریں گے اور رات کو راج بھون میں قیام کریں گے۔کل وہ درخشاں گجرات کانفرنس کا افتتاح کریں گے ۔ا س میں دو ملکوں کے صدر چار وزیراعظم اور بڑی تعداد میں صنعتی شعبہ کے لیڈر حصہ لے رہے ہیں۔اس بار اس میں حصہ لینے والوں میں 15ملک اور 11بین الاقوامی تنظیمیں شامل ہیں۔
مسٹر مودی کل 18جنوری کوہی مختلف قومی صدور کے ساتھ میٹنگ کریں گے اور صنعتی شعبہ کے لیڈروں کے ساتھ گول میز کانفرنس کے علاوہ ایک گالا ڈینر میں بھی شرکت کریں گے۔وہ دانڈی کٹیر کے نزدیک ایک لیزر شو کا بھی افتتاح کریں گے۔دوسری رات بھی وہ راج بھون میں ہی قیام کریں گے۔
19جنوری کو وہ احمدآباد ہوائی اڈے سے سورت روانہ ہوجائیں گے جہاں وہ حاضرہ میں گن فیکٹری کا سنگ بنیاد رکھیں گے اور وہاں سے سرحدی مرکز کے انتظام ریاست دادرا اور نگر ہویلی کے ہیڈکوارٹر سلواسا جاکر میڈیکل کالج کا افتتاح کریں گے۔