اگر آپ بھی نوکری کی تلاش کررہے ہیں تو آنے والے دن آپ کی اس تلاش کو ختم کرسکتے ہیں ۔ دہلی سرکار کی جانب سے آج یعنی 21 جنوری سے دو دن کا بڑا روزگار میلہ شروع ہورہا ہے ۔
دہلی حکومت چھٹی مرتبہ اس روزگار میلہ کی شروعات کررہی ہے ۔ تیاگ راج اسٹیڈیم میں ہونے والے اس روزگار میلے میں ملک بھر کی کمپنیاں شرکت کررہی ہیں ۔ سرکار کو امید ہے کہ گزشتہ سال کے مقابلہ میں اس مرتبہ زیادہ کمپنیاں اپنے یہاں طلبہ کو موقع دیں گی ۔
دہلی کے وزیر محنت گوپال رائے کے مطابق روزگار میلے کی شروعات 21 جنوری سے ہوگی ۔ میلہ دو دن تک چلے گا ، جس میں کمپنیاں صلاحیت کے مطابق امیدواروں کا سلیکشن کریں گی ۔ روزگار میلہ میں حصہ لینے کیلئے ویب سائٹ ڈبلیو ڈبلیو ڈبلیو ڈاٹ جاب فیئرڈاٹ دہلی ڈاٹ جی او وی ڈاٹ ان پر رجسٹریشن کرانا ہوگا ۔ رجسٹریشن کے دوران ویب سائٹ پر طلبہ کو اپنے کیریئر سے وابستہ معلومات دینی ہوں گی ۔ یہی نہیں ، طلبہ کو بھی ویب سائٹ پر یہ جانکاری مل جائے گی کہ کون کون سی کمپنیاں میلے میں آئیں گی ۔
گوپال رائے کے مطابق جو بھی طالب علم نوکری کی تلاش میں ہے ، اس کیلئے ضروری ہے کہ وہ دہلی حکومت کی ویب سائٹ پر رجسٹریشن کرائے ۔ میلہ شام پانچ بجے تک چلے گا ، جس میں کمپنیاں امیدواروں کا انٹرویو لے کر ان کا انتخاب کریں گی ۔ اس روزگار میلہ میں عہدوں کی تعداد کا ذکر نہیں کیا گیا ہے ۔ کمپنیاں اپنی ضرورت کے حساب سے طلبہ کا سلیکشن کریں گی ۔