لکھنؤ: سماجوادی پارٹی(ایس پی) سربراہ اکھلیش یادو نے منگل کو دعوی کیا کہ عوام مخالف بی جے پی حکومت کو 2019 کے عام انتخابات میں شکست دینے کے لئے اپوزیشن پارٹیوں کے لئے ‘‘خاموشی’’ بہترین نسخہ ہے ۔ریاست کے سابق وزیر اعلی نے کہا کہ سیاسی پارٹیوں کو کمبھ کے فارمولے کا اپنانا چاہئے ۔
جہاں عقیدت مند بغیر ایک لفظ بولے آتے اور جاتے ہیں۔ وہ جو چاہتے ہیں، حاصل کرتے ہیں اسی طرح سے انتخاب میں اپوزیشن پارٹیاں خاموش رہ کر عوام کی مکمل حمایت حاصل کرتے ہوئے جیت درج کریں گی۔ بی جے پی تو چپ رہ کر ہارسکتی ہے ، انہوں نے کہا کہ بی جے پی سبھی آئینی اداروں کو خود چلارہی ہے تاکہ اپوزیشن پارٹیوں کی آواز کو کچلا جاسکے ۔ جیسے جیسے انتخابات قریب آئیں گے بی جے پی غیر قانونی حرکتوں سے نجات ملے گی۔مسٹر یادو نے یہاں چھوٹے لوہیا کے نام سے مشہور جنیشور مشر کی برسی پر جنیوشر مشر پارک میں منعقد تقریب میں انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن عام انتخابات کے دوران خاموش رہ کر بی جے پی کو شکست فاش دینے میں پوری طرح سے اہل ہے ۔ انہوں نے بی جے پی پر طنز کستے ہوئے کہا کہ عام انتخابات کے بعد ملک کی عوام اچھی طرح سے پہچان لے گی کہ ملک کا سب سے بڑا‘‘ڈکیت’’ کون تھا۔ایس پی سربراہ نے کہا‘‘ ہم چنبل کے جھاڑیوں کے لوگ ہیں اور بہتر ہوتا کہ وزیر اعظم نریندر مودی چور کی جگہ ہمیں ڈکیت کہتے ، لیکن ملک کے لوگ عام انتخابات میں پہچان لیں گے کہ سب سے بڑا ڈاکو کون ہے ۔مسٹر یادو نے کہا کہ ملک کی عوام نے ایک نیا وزیراعظم منتخب کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے ۔ بی جے پی لوگوں کے درمیان نفرت پھیلانے اور ملک کے جمہوری ڈھانچے کو نقصان پہنچانے کے لئے سماج کے اندر زہر گھول رہی ہے ۔ انہوں نے مہاتما گاندھی اور ڈاکٹر رام منوہر لوہیا کے نظریات پر چلنے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر لوہیا نے مہاتما گاندھی کے ذریعہ دکھائے گئے راستوں پرعمل کیا اور بعد میں جنیشور مشر نے ان کے نظریات کو اپنایا، ایس پی سربراہ نے کہا کہ ان کی پارٹی مہاتما گاندگھی اور ڈاکٹر لوہیا کے دکھائے گئے راستوں پر چلے گی۔