پرینکا گاندھی واڈرا نے رسمی طور پر سیاست میں قدم رکھ دیا ہے۔ کانگریس صدر راہل گاندھی نے پرینکا گاندھی کو مشرقی اترپردیش کی کمان سونپی ہے۔ مانا جا رہا ہے کہ یہ فیصلہ آئندہ لوک سبھا انتخابات اور پرینکا گاندھی کی مقبولیت کے مد نظر لیا گیا ہے۔ پرینکا فروری کے پہلے ہفتہ میں کام کاج سنبھالیں گی۔
اس سلسلے میں پارٹی کے رہنما اور راجستھان کے وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت کی جانب سے پریس ریلیز جاری کی گئی ہے جس میں لکھا ہے ‘ کانگریس صدر نے پرینکا گاندھی واڈرا کو مشرقی اترپردیش کی جنرل سکریٹری کے طور پر مقرر کیا ہے۔ وہ فروری کے پہلے ہفتے میں عہدہ سنبھالیں گی’۔
کانگریس کی پریس ریلیز کے مطابق ، سینئر کانگریس لیڈر کے سی وینو گوپال کو پارٹی جنرل سکریٹری بنایا گیا ہے۔ وہ کرناٹک کے انچارج بنے رہیں گے۔ وہیں جیوترادتیہ سندھیا کو مغربی یوپی کی کمان سونپی گئی ہے، وہیں غلام نبی آزاد سے یوپی کاچارج واپس لے لیا گیا ہے۔ انہیں فوری طور پر ہریانہ کا چارج دیا گیا ہے۔
کانگریس کے سینئر لیڈر موتی لال وورا نے کہا ” راہل گاندھی جو بھی کہتے ہیں وہ کرکے دکھاتے ہیں۔ پرینکا گاندھی کی تقرری اس بات کا اشارہ ہے کہ کانگریس کا مستقبل روشن ہے’۔