سابق وزیراعلیٰ اوردیپیندرہڈا بھی گھرمیں موجود ہیں۔ یہ چھاپہ ماری کس معاملے میں کی گئی ہے، اس کی وجہ ابھی واضح نہیں ہے جبکہ حال ہی میں انہیں زمین لائسنس معاملے میں عدالت سے راحت ملی ہے۔
ہریانہ کے سابق وزیراعلیٰ بھوپیندرسنگھ ہڈا کی رہائش گاہ پرسی بی آئی نے چھاپہ مارا ہے۔ روہتک کے ڈی پارک واقع رہائش گاہ پرتقریباً ایک گھنٹے سے سی بی آئی کی چھاپہ ماری چل رہی ہے۔ بھوپیندرسنگھ ہڈا اوران کے ممبرپارلیمنٹ بیٹے دیپیندرہڈا بھی گھرمیں ہی موجود ہیں۔ قابل ذکر ہے کہ ہڈا کوجیند ضمنی انتخاب میں پارٹی امیدواررندیپ سنگھ سرجے والا کی حمایت میں آج ریلی کرنی تھی، اس لئے انہوں نے روہتک میں ہی قیام کیا تھا۔
واضح رہے کہ سی بی آئی کی ٹیم 30 سے زیادہ مقامات پرچھاپہ ماری کررہی ہے۔ سی بی آئی کے سینئرافسران نے اس خبرکی تصدیق کی ہے۔ دہلی – این سی آرمیں چھاپہ ماری چل رہی ہے، یہ معاملہ زمین گھوٹالے سے متعلق ہے۔ سی بی آئی ذرائع کے مطابق سال 2008-2004 کے درمیان یہ معاملہ زمین گھوٹالے سے متعلق ہے۔ اس معاملے میں سی بی آئی نے معاملہ درج کیا تھا۔ اب وہیں ابتدائی انکوائری کوایف آئی آرمیں تبدیل کیا گیا ہے۔ یہ معاملہ ہریانہ کے مانیسرمیں واقع تقریباً 912 ایکڑزمین الاٹ کئے جانے سے متعلق ہے۔
بھوپیندرسنگھ ہڈا کوحال ہی میں پنجاب اورہریانہ ہائی کورٹ نے راحت پہنچائی تھی۔ ہائی کورٹ نے اپنے فیصلے میں ہڈا کے دوراقتدارمیں زمین استعمال کے لائسنس دینے میں مبینہ بدعنوانی کی جانچ کے لئے تشکیل کی گئی ڈھینگرا کمیشن کی رپورٹ کو خارج کردیا تھا۔ واضح رہےکہ ہڈا کے دوراقتدارمیں گروگرام میں لائسنس فراہم کرنے کے مبینہ فائدہ اٹھانے والوں میں کانگریس صدرراہل گاندھی اوران کی بہن پرینکا گاندھی کے شوہررابرٹ واڈرا بھی شامل تھے۔