گجرات کے مانڈوی کے كوڈاے گاؤں میں رہنے والے شاہد کے گھر میں جشن کا ماحول دیکھنے کو مل رہا ہے۔ دراصل كوڈاے کے رہنے والے شاہد میمن نے سی اے کے امتحان میں پورے ہندوستان میں دوسرا رینک حاصل کر خود کے ساتھ ہی اپنے گاوں کا بھی نام روشن کر دیا ہے اور اسی لئے شاہد کو ملنے والی اس کامیابی سے پورے گاؤں میں عید جیسی خوشی کا ماحول ہے۔
شاہد نے 800 میں 584 نمبرحاصل کر کے ہندوستان میں دوسرا رینک جبکہ گجرات میں پہلا رینک حاصل کیا ہے۔ شاہد کو ملنے والی کامیابی کے پیچھے صرف قسمت نے نہیں بلکہ ان کی محنت نے بھی ساتھ دیا ہے۔ ہر دن دس گھنٹے کی پڑھائی کرنے کے بعد شاہد میمن کو یہ کامیابی ملی ہے۔
شاہد کو ملنے والی کامیابی کے بعد گھر میں ایک دوسرے کو مٹھائی کھلا کر جشن منایا جا رہا ہے۔ نیوز 18 اردو کے ساتھ بات چیت میں شاہد ان لوگوں کا شکریہ ادا کر رہے ہیں جنہوں نے پڑھائی کے دوران ان کی مدد کی تھی۔ لیکن سب سے زیادہ شکریہ وہ اپنے والدین کا ادا کر رہے ہیں اور وہ کہہ رہے ہیں کہ اس طرح کی کامیابی حاصل کر وہ اپنے ساتھ اپنے والدین کا نام بھی روشن کرنا چاہتے ہیں۔
مانڈوی کے چھوٹے سے گاؤں كوڈاے کے رہنے والے لوگوں کو بھی نہیں پتہ تھا کہ ان کے درمیان رہنے والا شاہد ایک دن ایسا مقام حاصل کرے گا جس سے پورے گاؤں کا نام روشن ہو جائے گا۔ اس کامیابی کے بعد گاؤں بھر سے لوگ شاہد کو مبارکباد دینے کے لئے آ رہے ہیں۔ اس سلسلے میں شاہد کے نانا خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہہ رہے ہیں کہ شاہد کو ملنے والی کامیابی سے ہمیں فخر کا احساس ہو رہا ہے۔
شاہد کو ملنے والی اس کامیابی سے گجرات کی مسلم برادری کے لوگ بھی فخر کا احساس کر رہے ہیں۔ اس موقع پر شاہد لوگوں کو نصیحت بھی کر رہے ہیں کہ اگر محنت کی جائے تو کسی بھی مقام کو حاصل کرنا ناممکن نہیں۔