ممبئی،30جنوری(یواین آئی)مشہور اداکارہ اور گلوکارہ ثریا ،دیوآنند سے بے انتہا محبت کرتی تھیں اور انہوں نے ان سےشادی نہ ہونے پر ساری زندگی اکیلے رہنے کا فیصلہ کیا۔
ثریا کے سنی کریئر میں ان کی جوڑی مشہور اداکار دیوآنند کے ساتھ خوب جمی۔
ثریا اور دیوآنند کی جوڑی والی فلموں میں جیت،شاعر،افسر،نیلی اور دو ستارے جیسی فلمیں شامل ہیں۔
سال 1950میں ریلیز فلم افسر کی شوٹنگ کے دوران دیوآنند کا جھکاؤ ثریا کی طرف ہوگیا تھا۔
ایک گانے کی شوٹنگ کے دوران دیوآنند اور ثریا کی کشتی پانی میں پلٹ گئی۔
دیوآنند نے ثریا کو ڈوبنے سے بچایا۔
اس کے بعد ثریا دیوآنند سے بے انتہا محبت کرنے لگیں لیکن اس رشتے کو ثریا کی نانی کی اجازت نہ ملنے پر یہ جوڑی کسی رشتے میں نہیں بندھ سکی۔
1954میں دیوآنند نے اس زمانے کی مشہور اداکارہ کلپنا کارتک سے شادی کرلی۔
اس سے دل برداشتہ ثریا نے زندگی بھر اکیلے رہنے کا فیصلہ کیا۔
پنجاب کے گوجراں والا شہر میں 15جون 1929کو ایک متوسط خاندان میں پیدا ہوئی ثریا کا رجحان بچپن سے ہی موسیقی کی طرف تھا اور وہ گلوکارہ بننا چاہتی تھیں حالانکہ انہوں نے کسی استاد سے موسیقی کی تعلیم نہیں لی تھی لیکن موسیقی پر ان کی اچھی پکڑ تھی۔
وہ اپنے والدین کی اکلوتی اولاد تھیں۔