لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔ امبیڈکر نگر علاقہ کے ٹانڈہ حلقہ کے رکن اسمبلی عظیم الحق عرف پہل
وان کی گرفتاری کے مطالبہ کے سلسلہ میں ہندو مہا سبھا کے لوگوں نے وزیر اعلیٰ کی رہائش گاہ کے باہر مظاہرہ کیا۔ اس دوران دو مظاہرین نے خود سوزی کی کوشش بھی کی۔ پولیس نے ہندو مہا سبھا کے صدر سمیت دو افراد کو گرفتار کر لیا۔ واضح رہے کہ سماج وادی پارٹی کے رکن اسمبلی عظیم الحق کا مبینہ طور پر ہندو مہاسبھاکے لیڈر رام بابو اور ان کے بھتیجے رام موہن کے قتل کے معاملہ میں نام لیا جا رہا تھا۔ سنیچر کو ہندو مہا سبھا کے ضلع صدر کملیش تیواری نے وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو کی رہائش گاہ کے سامنے مظاہرہ کیا۔ مظاہرین ہندو مہا سبھا لیڈر رام بابو اور ان کے بھتیجے رام موہن کے قتل میں نامزد ٹانڈہ کے رکن اسمبلی عظیم الحق کی گرفتاری کا مطالبہ کر رہے تھے۔ مظاہرہ کی اطلاع ملنے کے بعد موقع پر گوتم پلی پولیس پہنچ گئی۔ ہندو مہا سبھا کے لوگوں نے الزا م عائد کیا کہ سماج وادی پارٹی کے رکن اسمبلی کے رتبہ کی وجہ سے امبیڈکر نگر پولیس انہیں بچانے کی کوشش کر رہی ہے۔