بولی وڈ خوبرو اداکار شاہد کپور نے 2015 میں اپنے والدین کی مرضی سے دہلی کی رہنے والی میرا راجپوت سے شادی کرکے مداحوں اور بولی وڈ انڈسٹری کو حیران کردیا تھا۔
حیران اس لیے کہ اہندی سینما انڈسٹری میں آج کی نسل کا شاید ہی کوئی اداکار ہوگا جس نے اپنے والدین کی مرضی سے شادی کی ہو، ورنہ زیادہ تر پسند کی شادیاں ہی دیکھنے میں آتی ہیں۔
2015 میں یہ رپورٹس سامنے آئی تھی کہ شاہد کپور نے اپنے والدین کی مرضی سے شادی کی تھی اور اس ہی سلسلے میں وہ 2014 میں میرا راجپوت سے ملے تھے، تاہم کیا آپ جانتے ہیں کہ 2014 میں شاہد کی یہ میرا سے پہلی ملاقات نہیں تھی۔
شاہد کپور کی اہلیہ میرا راجپوت نے سوشل میڈیا پر خود اس بات کا انکشاف کیا کہ وہ 2014 سے قبل بھی شاہد کپور سے ملاقات کرچکی ہیں۔
میرا راجپوت نے انسٹاگرام پر مداحوں کو موقع دیا کہ وہ ان سے سوالات کرسکیں، جس کے بعد ایک مداح نے ان سے سوال کیا کہ انہیں شاہد کپور سے پہلی مرتبہ مل کر کیسا لگا تھا۔
اس پر میرا نے بتایا کہ بالکل ویسا ہی جیسا کسی سے بھی پہلی ملاقات کے بعد لگتا ہے۔
جبکہ انہوں نے یہ بھی انکشاف کیا کہ وہ شاہد کپور سے اس وقت بھی ملاقات کرچکی ہیں جب وہ 16 سال کی تھیں۔