ہندوستان اور نیوزی لینڈ کےدرمیان کھیلے گئے تین ٹی 20 میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں کپتان روہت شرما کی طوفانی نصف سنچری کی بدولت ٹیم انڈیا نے نیوزی لینڈ کو سات وکٹوں سے ہرادیا ہے ۔
نیوزی لینڈ کی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورس میں 8 وکٹ کے نقصان پر 158 رن بنائے اور ٹیم انڈیا کو جیت کیلئے 159رنوں کا ہدف دیا ، جس کو ٹیم انڈیا نے تین وکٹ کھوکر 18.5 اوورس میں حاصل کرلیا ۔
ہدف ک تعاقب میں اتری ٹیم انڈیا کی شروعات کافی اچھی رہی ۔ روہت شرما اور شیکھر دھون نے شاندار آغاز فراہم کرایا ہے۔ ٹیم انڈیا کو پہلا جھٹکا9.2 اوورس میں 79 کے مجموعی اسکور پر لگا ۔ روہت شرما 29گیندوں میں چار چھکوں اور تین چوکوں کی مدد سے 50 رن بناکر آوٹ ہوئے ۔ مگر اس کے بعد جلد ہی شیکھر دھون بھی پویلین لوٹ گئے ۔ شیکھر دھون نے 30 رن بنائے ۔
تاہم ریشبھ پنت نے ایک طرف سے مورچہ سنبھالا اور پہلے وجے شنکر کے ساتھ مل کر 30رنوں کی شراکت داری کی اور پھر دھونی کے ساتھ مل کر ٹیم کو جیت تک پہنچادیا ۔ وجے شنکر نے 14 رن بنائےجبکہ ریشبھ پنت 40 اور دھونی 20 رن بناکر ناٹ آوٹ رہے ۔
اس سے پہلے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرتے ہوئے نیوزی لینڈکی ٹیم نے گرانڈہوم کی نصف سنچری کی بدولت 8 وکٹوں پر 158 رن بنائے تھے ۔ نیوزی لینڈ کی طرف سے سیفرٹ نے 12 ، کولن منرو نے 12 ، ولیمسن نے 20، ٹیلر نے 42اور سینٹنر نے سات رن بنائے ۔ٹیم انڈیا کی طرف سے کرونال پانڈیا نے تین جبکہ خلیل احمد نے دو وکٹ لئے۔ ہاردک پانڈیا اور بھونیشور کمار نے ایک ایک کھلاڑی کو آوٹ کیا ۔