لکھنؤ: شہزادی دو عالم کی مظلومانہ شہادت پر شہر کے مختلف امام باڑوں اور درگاہ پر عقیدت مندوں نے مجلس و ماتم کر کے رسول اکرم کو ان کی دختر کا پرسہ دیا۔ خواتین نے بھی امام باڑوں اور روضوں میں مجلس و ماتم کیا۔ شہر کے مختلف مقامات پر مختلف تنظیموں کی جانب سے منعقد ہو رہی مجالس کو علماء و ذاکرین نے خطاب کیا جس میں کثیر تعداد میں عقیدت مندوں نے شامل ہوکر بنت رسولؐ کی شہادت کا غم بنایا۔
جماعت جعفری کی جانب سے چھوٹے امام باڑہ میں منعقد مجلس کو مولانا وصی حسن خاں نے خطاب کیا۔ مجلس کو خطاب کرتے ہوئے مولانا نے سورہ کوثر پر تفصیل سے روشنی ڈالتے ہوئے بنت رسول پر گزری مصیبتیں بیان کیں تو عقیدت مند بے قرار ہوگئے۔ الجواد فاؤنڈیشن کی جانب سے شہر کے مختلف مقامات پر مجالس کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔
وہیں ہردوئی روڈ واقع کربلا عباس باغ میں فاؤنڈیشن کی جانب سے ہوئی مجلس کو مولانا محمد جعفر خاں نے خطاب کیا۔ سرفراز گنج واقع روضہ حضرت علی ع میں بعد نماز مغرب ہوئی مجلس کو مولانا وصی حسن خاں نے خطاب کیا۔ سرفراز گنج واقع مؤمل ہال میں ہوئی مجلس کو مولانا جنان اصغر مولائی نے خطاب کیا۔ دوبگا کے وشال سٹی واقع امام بارگاہ ام البنین میں ہوئی مجلس کو مولانا سیف عباس نقوی نے خطاب کیا۔
اسی طرح اکبری گیٹ واقع اما مباڑہ تقی صاحب جنت مآب میں ہوئی مجلس کو مولانا شبیہ الحسن اعظمی نے خطاب کیا۔ مفتی گنج واقع مسجد ولی العصر میں ہوئی مجلس کو مولانا مرزا جعفر عباس نے خطاب کیا۔
روضہ کاظمین میں سہ روزہ مجالس کی آخری مجلس کو مولانا میثم زیدی نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ حضرت فاطمہ کی فضیلت بیان کرنا ممکن نہیں ان کی عظمت کو سمجھنے کیلئے پرانی آیات کوسمجھنا ہوگا۔
سنیچر کو مسجد ولی العصر میں دن بھر مجالس کا انعقاد کیا جائے گا۔ صبح کی نماز کے بعد ہونے والی مجلس کو مولانا تہذیب الحسن، صبح ساڑھے ۹ بجے مولانا مرزا اعجاز اطہر، دوپہر ساڑھے بارہ بجے مولانا حبیب حیدر، شام چار مرثیہ کی مجلس کو صبحی زیدی اور شام سات بجے ہونے والی مجلس کو مولانا شبیب حسینی خطاب کریں گے۔حسینیہ آغا ابوصاحب ترمنی گنج میں ۹؍فروری کو سات بجے شب منعقدمجلس کو مولانا سید غلام حسین زیدی صدف جونپوری خطاب کریںگے۔
انجمن سجادیہ قدیم کی جانب سے وکٹوریہ اسٹریٹ کے کٹرہ ابو تراب خاں واقع تبتی مسجد میں ہوئی مجلس کو مولانامیثم زیدی نے خطاب کیا۔اس کے علاوہ شہر کے دیگر امام باڑوں میں بھی مجالس کا انعقاد کر کے عقیدت مندوں نے بنت رسول کی دردناک شہادت کا غم منایا۔
rخواتین نے کیا مجلس کا انعقاد :- چوک کے کونیشور پیر بخارہ واقع کالا امام باڑہ میں جمعہ کو خواتین کی مجلس ہوئی شام چار بجے ہوئی مجلس کو ذاکرہ ڈاکٹر نسیم صبحی نے خطاب کرتے ہوئے دختر رسول کی سیرت پر روشنی ڈالتے ہوئے ان کی شہادت بیان کی۔ مجلس کے بعد خواتین کو شبیہ تابوت کی زیارت کرائی گئی۔اس کے علاوہ سرفراز گنج، بزازہ، گولہ گنج، درگاہ حضرت عباس، کشمیری محلہ سمیت دیگر مقامات پر بھی خواتین نے مجلس کر کے شبیہ تابوت برآمد کیا۔
چھوٹے امام باڑہ میں دختر رسول پر نمائش
حسین آباد واقع چھوٹے امام باڑہ میں جماعت جعفری کی جانب سے دختر رسول کی سیرت کے مختلف گوشوںکو تصاویر اور ماڈلوں کے ذریعہ ظاہر کرتی نمائش کا انعقاد کیا گیا ہے۔ نمائش کو دیکھنے کیلئے کثیر تعداد میں لوگ چھوٹے امام باڑہ پہنچے اور دختر رسول کی حیات و سیرت سے واقف ہوئے۔ مولانا محمد میاں عابدی، مولانا گلریز مہدی ، مولانا حسین مہدی، مولانا کاظم، مولانا ابوالفضل نے نمائش میں پہنچے لوگوں کو بنت رسول کی شخصیت سے واقف کراتے ہوئے ان کی تعلیمات پر روشنی ڈالی۔ نمائش کا انعقاد ۱۰؍فروری تک کیا جائے گا۔
چھوٹے امام باڑہ میں طبی کیمپ منعقد
طحہٰ اسپتال، امامیہ میڈیکس اور جماعت جعفری کی جانب سے مشترکہ طور پر چھوٹے امام باڑہ میں دو روزہ مفت طبی کیمپ کا افتتاح جمعہ کو مولانا محمد میاں عابدی اورمولانا نذر عباس رضوی نے کیا۔ کیمپ میں ڈاکٹر حسن اسرار، ڈاکٹر اخلاق حسین، ڈاکٹر آل محمد، ڈاکٹر ایس نقوی، ڈاکٹر محمد مہدی، ڈاکٹر صامت جعفری اور ڈاکٹر ملکہ زینب نے مریضوں کی جانچ کی اور دوائیں تقسیم کیں۔ کیمپ میں مریضوں کی آنکھوں کی جانچ کر کے مفت چشمے بھی تقسیم کئے گئے ۔
جنت البقیع میں مزاروں کی تعمیر نوکامطالبہ
تعزیہ دار سیوک سنگھ نے سعودی عرب واقع جنت البقیع میں دختر رسول اور چار اماموں کے مزاروں کی تعمیر نوکا مطالبہ کیا ہے۔ تنظیم کے صدر ہریش چندر دھانک نے امام باڑہ کشنو خلیفہ میں منعقد جلسہ کو خطاب کرتے ہوئے انہوں نے نریندرمودی حکومت سے سعودی عرب واقع جنت البقیع میں منہدم مزاروں کی تعمیرنو کیلئے سعودی عرب حکومت پر دباؤ ڈال کر براہ راست گفتگوکرنے کا مطالبہ کیا۔ جلسہ میں مدثر عباس، ابوالحسن، ہریش چندر دھانک، پنکج، ذوالفقار حسین، نواب عازم علی سمیت دیگر تعزیہ دار موجودتھے۔