بنگلور، (یو این آئی) رنجی چیمپئن کرناٹک کے کپتان آر ونے کمار (47 رن پر چھ وکٹ) کی خطرناک گیند بازی کی بدولت ایران کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے پہلے دن اتوار کو ریسٹ آف انڈیا کی ٹیم صرف 201 رن پر ڈھیر ہوگئی۔دنیش کارتک (91) کے
علاوہ ریسٹ آف انڈیا کے دیگر کوئی بلے باز نصف سنچری تک نہیں پہنچ سکا ۔ امت مشرا نے 47 اور کپتان ہربھجن سنگھ نے 22 رن بنائے۔ ٹیم انڈیا میں واپسی کی کوششوں میں مصروف کپتان ہر بھجن سنگھ نے 22 رن کا اسکور کیا۔ جبکہ سرکردہ سلامی بلے باز گوتم گمبھیر بھی 22 رن ہی بنا سکے۔ریسٹ آف انڈیا نے پانچ وکٹ 62 رن کے معمولی اسکور پر گنوا چکے تھے لیکن امت اور ہر بھجن نے مفید اننگز کھیلتے ہوئے اپنی ٹیم کو اسکور کو 200 سے پار کرایا۔کرناٹک کی جانب سے آر ونے کمار کے علاوہ اسٹورٹ بنی نے 35 رن پر تین وکٹ اور ایس شرت نے ایک وکٹ حاصل کیا۔ دن کا کھیل ختم ہونے پر روبن اتھپا (صفر) کا وکٹ گنوانے کے بعد کرناٹک نے 35 رن بنا لئے تھے۔
لوکیش راہل 28 اور گنیش ستیس 7 رن بناکر کریس پر موجود تھے۔ کرناٹک کی ٹیم ریسٹ آف انڈیا کے اسکور سے ابھی تک 166 رن پیچھے تھے جب کہ اس کے نو وکٹ محفوظ ہیں۔اس سے قبل کرناٹک کے کپتان ونے کمار نے ٹاس جیت کر ریسٹ آف انڈیا کو پہلے بلے بازی کی دعوت دی۔ گمبھیر کے ساتھ اوپننگ کرنے والے پنجاب کے نوجوان بلے باز جیون جوت سنگھ پہلے ہی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔ اس کے بعد ریسٹ آف انڈیا کو مسلسل جھٹکے لگتے رہے۔ رنجی سیزن میں 1000 رن بنانے والے بلے بازوں میں شامل مہاراشٹر کے کیدار یادو دو اور تامل ناڈو کے بابا اپراجیت دو رن بناکر آر ونے کمار کا شکار بنے۔ اس طرح ریسٹ آف انڈیا نے 12 رن کے مجموعی اسکور پر تین وکٹ گنوا دیئے تھے۔
بعد ازاں گمبھیر اور کارتک نے محتاط بلے بازی کی اور ٹیم کے اسکورکو 54 تک لے گئے۔ کارتک نے 184 گیندوں میں 14 چوکوں کی مدد سے 91 رن بنائے۔