گورکھپور (نامہ نگار)نشہ کے عادی انسان کو شیطان کہنا کسی طور پر بھی بیجا نہیں ہے۔ ایک شرابی نے کھانا پکانے کے سلسلہ میں تنازعہ کے بعد اپنی بیوی کوقتل کردیا یہی نہیں اپنے ایک سال کے بچے کا گلہ دبا کر اسے بھی قتل کردیا۔ ماں اور بھائی کی موت کو دیکھ کر شرابی کے چارسالہ بیٹے نے جب رونا شروع کیا تو اسے بھی شرابی نے قتل کرنے کی کوشش کی۔ اسی دوران بچے کی چچی اسے لیکر بھاگ گئی۔ شور کرنے پر مقامی لوگ جمع ہوگئے اور انہوں نے ملزم کو پکڑ کر پیـٹنے کے بعداسے پولیس کے حوالے کردیا ۔ موصولہ خبر کے مطابق مہاراج گنج نچلول کے کن نسواں گاؤں واقع تل باری ٹولہ کا باشندہ کنہیا مسہر کل رات نشہ کی حالت میں گھر پہنچا۔ گھر پہنچنے کے بعد اس نے کمرے میں سورہی بیوی رمبھا کو جگایا۔اور کھانے پکانے کے لئے کہا ۔ رمبھا نے گھر میں کھانے کا سامان نہ ہونے کی بات کہی اور کھانا پکانے سے انکار کردیا اس بات کو لیکر دونوں کے درمیان جھگڑا ہوگیا۔ کنہیا نے قریب ہی پڑے ہوئے ڈنڈے کو اٹھاکر رمبھا کی پٹائی شروع کردی۔ شدید طور سے زخمی ہوجانے کی وجہ سے رمبھا کی موقع پر ہی موت ہوگئی۔ رمبھا کی موت کے بعد اس کا ایک سال کا بیٹا کرشن رونے لگا ۔ کنہیا نے اسے بھی گلہ دبا کر قتل کردیا۔ ماں اور چھوٹے بھائی کی موت کے بعد کنہیا کا چارسالہ بیٹا خوف کی وجہ سے رونے لگا۔ رونے کی آواز سن کرروشن کی چچی وہاں پہنچ گئی۔ اس نے دیکھا کہ کنہیا روشن کو بھی مارڈالنے کی کوشش کررہاتھا۔اس کے بعد روشن کی چچی اسے کنہیا سے زبردستی چھین کر وہاں سے بھاگ گئی اور اس نے شور مچادیا۔ شو
ر کی آواز سن کر مقامی لوگ جمع ہوگئے اور انہوں نے کنہیا کو پکڑ کر پٹائی کردی۔ مقامی لوگوں نے پولیس کو اس واقعہ کی اطلاع دی۔ موقع پر پہنچ کر پولیس نے رمبھا اور اس کے بیٹے کی لاش کو قبضہ میں لیکر پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دیا اور کنہیا کو گرفتار کرلیا۔آج صبح ایس پی نے موقع پر پہنچ کر گاؤں کے لوگوں سے واردات کے بارے میں معلومات کی۔