اسلام آباد،18فروری(یواین آئی)پلوامہ حملے کے بعد ہندوستان کے پاکستان کو الگ تھلگ کرنے کی سفارتی کوششوں کے درمیان سعودی عرب کے تخت کے وارث ،شہزادہ محمد بن سلمان جنوبی ایشیا اور چین کے سفر کےلئے پیر کو پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد پہنچے۔
پلوامہ حملے پر خاموشی اختیار کرنے والے پاکستان کے وزیراعظم عمران خان اور پاکستان کی فوج کے سربراہ قمر جاوید باجوا نے اسلام آباد کے نزدیک راول پنڈی فوجی ایئرپورٹ پر سعودی عرب کے شہزادے کا زبردست استقبال کیا۔مسٹر خان انہیں اپنی رہائش گاہ پر لے گئے۔
محمد بن سلمان کے اس سفر میں ان کے ساتھ سعودی عرب کے وزرا،سینئر افسران اور سرکردہ صنعت کاروں کا اعلی سطحی وفد بھی شامل ہے۔
مالی طور پر ابترحالات سے دوچار پاکستان کو سعودی عرب کی جانب سے کچھ سرمایہ کاری کے اعلان کی امید ہے۔سعودی عرب نے حالیہ کچھ مہینوں میں چھ ارب کا قرض دے کر پاکستان کی مدد کی تھی۔پاکستان بین الاقوامی مالیاتی فنڈ سے بھی راحت پیکج کےلئے بات چیت کررہا ہے۔