لکھنؤ۔ایراز ایجوکیشنل ٹرسٹ نے ایک قابل تقلید نمونہ پیش کرتے ہوئے پلوامہ میں شہید جوانوں کے بچوں کو اپنے ادارہ میں مفت طبی تعلیم دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کا اعلان ایراز میڈیکل کالج کے وائس چانسلر پروفیسر عباس علی مہدی نے کیا۔ انہوںنے کہاکہ ان بچوں کا سارا تعلیمی خرچ ٹرسٹ اٹھائے گا۔
یونیورسٹی کے احاطہ میں پلوامہ شہیدوںکو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے منعقد پروگرام میں اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے پروفیسر مہدی نے کہا کہ پلوامہ کا سانحہ اتنا افسوس ناک اور دلسوز ہے کہ اس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ انہوں نے کہاکہ دہشت گردوں نے جو بزدلانہ حرکت کی ہے اسے کسی بھی طور پر قبول نہیں کیا جا سکتا۔ اس سانحہ میں شہید جوانوں کے اہل خانہ کے ساتھ پورا ملک ہے ہر ایک کی ہمدردی ان کے ساتھ ہے کسی ضمن میں ایرا یونیورسٹی نے یہ طے کیا ہے کہ شہیدوں کے بچے اگر یونیورسٹی میں طبی تعلیم حاصل کرنےکے خواہاں ہیں تو ان کا استقبال ہے۔ یونیورسٹی شہیدوں کے بچوں کو مفت طبی تعلیم دے گی اور ان کے بچوں کی تعلیم کی ساری ذمہ داری ایرا ایجوکیشنل ٹرسٹ اٹھائے گا۔
اس موقع پر ایرازلکھنؤمیڈیکل کالج اینڈ ہاسپٹل کے رجسٹرار ڈاکٹر انو چندرا، ڈاکٹر فیکلٹی ممبران، نرسنگ و پیرامیڈیکل کے طلبا اور ٹرسٹ کے اراکین موجود تھے۔