لکھنؤ : پلوامہ ضلع میں سی آر پی ایف قافلے پر ہوئے خودکشی دہشتگردانہ حملے کے خلاف احتجاج اور شہید فوجیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے اتوار کے روز حضرت گنج واقع امامباڑہ سبطین آباد سے کینڈل مارچ نکالا گیا۔
File Photo
اس سے قبل امامباڑہ احاطہ میں لکھیم پور کھیری کے نوجوان مصور امن سنگھ گلاٹی کو دہشگردانہ حملوں کے شہید فوجیوں کے حضرت گنج واقع جی پی او پر دن رات تصویریں بنانے کیلئے توصیفی سند سے نوازا گیا۔ اس کے ساتھ ہی شہر کے باشندوں کو دہشتگردی کے خلاف یکجہتی کا پیغام بھی دیا گیا۔
امامباڑہ منتظمہ کمیٹی کے محمد حیدر ایڈوکیٹ نے بتایا کہ کینڈل مارچ سے قبل امامباڑہ احاطہ میں امن گلاٹی کی بنائی تصاویر کی ایک نمائش بھی لگائی گئی اور ان پر گلہائے عقیدت پیش کرکے شہیدوں کو یاد کیا گیا۔ امامباڑے سے نکلے کینڈل مارچ میں گلستانہ ابوطالب سعادت گنج کاظمین روڈ کے یتیم بچوں نے شامل ہوکر دہشتگردانہ حملے میں شہید فوجیوں کو خراج عقیدت پیش کیا اور ان کے کنبے والوں سے ہمدری اور تعزیت کا اظہار کیا۔ کینڈل مارچ میں خصوصی طور پر پرنسپل سکریٹری اترپردیش حکومت سنجے بھوس ریڈی، ڈپٹی انسپکٹر جنرل سی آر پی ایس شمس الحسنین، سینئر آئی پی ایس وجے پرکاش، پروفیسر ڈاکٹر سنوبر حیدر، ویسٹ سائڈ کے سینئر منیجر فہد علی، ایڈوکیٹ یشبھ حسین، سابق فارینسٹ کنزروینٹ محمد حسن سمیت انجمن دربار حسینی کے عہدیداران، طلباء و معزز شہریوں کے ساتھ کشمیری طلباء نے شرکت کرکے دہشتگردانہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے شہید فوجیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔