اسلام آباد، یکم مارچ (یواین آئی) پاکستان میں یہ خوف پیدا ہو رہا ہے کہ ہندوستانی پائلٹ ابھینندن ورتمان کی رہائی کے بعد ہندوستان حملہ کرے گا تو تب کیا ہو گا۔
فضائیہ کے ونگ کمانڈر ابھینندن کو چھوڑنے کے پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کے اعلان کے بعد ریلوے کے وزیر شیخ راشد احمد نے جمعہ کو قومی اسمبلی میں اندیشہ ظاہر کیا تھا کہ ابھینندن کوچھوڑے جانے کے بعد ہندوستان جارحانہ رخ اختیار کرسکتا ہے۔
پاکستانی میڈیا کے مطابق جمعرات کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر احمد نے کہا، “سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپئی کی حکومت کے دوران اس طرح کی صورتحال نہیں تھی، وزیر اعظم نریندر مودی کی دوسری سوچ ہے، لوگوں کا کہنا ہے کہ ہندوستان کے وزیراعظم نریندر مودی نے لوک سبھا انتخابات کو ذہن میں رکھ اس کارروائی کی منصوبہ بندی کی ۔ ہندوستانی فضائیہ کے پائلٹ کو سونپ دینے کے بعد اگر ہندوستان پھر ہم پر حملہ کرے گا، تب کیا ہوگا۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے بعد عوامی مسلم لیگ کے سربراہ مسٹر احمد نے بھی تسلیم کیا کہ دہشت گرد تنظیم جیش محمد کا ٹھکانہ خیبر پختونخوا ا علاقے کے جبا میں واقع ہے۔
واضح رہے کہ بدھ کو ایک پاکستانی جنگی طیارے نے ہندوستانی فضائی حدود میں داخل ہونے کی کوشش کی جسے ہندوستانی فضائیہ نے مار گرایا لیکن اس دوران مگ 21 کے حادثہ کا شکار ہونے کے بعد ہندوستانی پائلٹ ابھینندن ورتمان پاکستان کے قبضہ والے کشمیر میں پیراشوٹ سے اتر گئے تھے تبھی سے وہ پاکستانی فوج کی حراست میں ہے۔