ابتدا میں کچھ لوگوں کو لگا کہ وہ ابھینندن کی اہلیہ ہیں لیکن تھوڑی ہی دیر میں وہ واپس سرحد پار چلی گئیں۔
ہندوستانی فضائیہ کے ونگ کمانڈر ابھینندن ورتمان آج رات واگہہ سرحد کے ذریعہ ہندوستان واپس لوٹ آئے۔ ابھینندن کی وطن واپسی کی تصویریں ہر کسی کے ذہن میں ایک طویل عرصہ تک تازہ رہیں گی۔
حالانکہ اس دوران کئی لوگوں کے ذہن میں یہ سوال بھی آیا کہ ابھینندن جب واگہہ سرحد سے لوٹ رہے تھے تب ان کے ساتھ وہ خاتون کون تھیں۔ ابتدا میں کچھ لوگوں کو لگا کہ وہ ابھینندن کی اہلیہ ہیں لیکن تھوڑی ہی دیر میں وہ واپس سرحد پار چلی گئیں۔
دراصل، یہ پاکستان کی وزرات خارجہ میں ہندوستانی امور کے محکمہ کی ڈائریکٹر ڈاکٹر فارحہ بگتی ہیں۔ ڈاکٹر فارحہ ایف ایس پی آفیسر ہیں جو ہندوستان کے آئی ایف ایس آفیسر کے برابر ہوتا ہے۔ وہ وزارت خارجہ میں ہندوستان سے جڑے معاملوں کی انچارج ہیں۔
پاکستانی فوج کی جیل میں بند کلبھوشن جادھو کا کیس سنبھالنے والی وہ پاکستان کی اہم آفیسر ہیں۔ گزشتہ سال اسلام آباد میں جادھو کی ان کی ماں اور اہلیہ سے ملاقات کے دوران بھی وہ وہیں موجود تھیں۔ وہیں، جمعہ کی رات ساڑھے نو بجے فضائیہ کے پائلٹ ابھینندن جب واگہہ بارڈر پار کر رہے تھے تب بھی بگتی ان کے پاس موجود تھیں۔