نئی دہلی/واشنگٹن،4مارچ(یواین آئی)امریکہ نے کہا ہے کہ وہ 27فروری کو ہندوستان کے خلاف حملے میں استعمال کئےگئے ’ایف -16‘ طیارے کے مسئلے کو سنجیدگی سے لیا ہے اور وہ اس کے استعمال کے سلسلے میں پختہ ثبوت یکجا کررہا ہے۔اس مسئلے پر دونوں ملکوں کے درمیان دوطرفہ اور اسٹریٹجک تعلقات میں بحران اور گہراہوسکتا ہے۔
امریکہ اس طیارے کے سلسلے میں سمجھوتے کی خلاف ورزی پر بےحد سنجیدہ ہے اور پاکستان ایف-16 کے مسئلے میں خود اپنے جال میں پھنستا جارہا ہے۔وہ مسلسل اس بات سےانکارکررہاہے کہ اس نے ہندوستان کے خلاف اس طیارے کا استعمال کیا ہے۔
مغربی ملکوں کی ایک اہم خبررساں ایجنسی نے پاکستان میں واقع امریکی سفارت خانے کے ترجمان کے حوالے سے یہ خبر دی ہے ۔ترجمان نے کہا،’’ہم دفاعی سودے کی خلاف ورزی کو سنجیدگی سے لیا ہے اور ہم پاکستان کے ذریعہ ہندوستان کے خلاف اس کے استعمال کے سلسلے میں پختہ ثبوت جمع کررہے ہیں۔‘‘
انہوں نے کہا،’’ہمیں اس کے استعمال کے بارے میں جورپورٹ ملی ہیں،ان سے ہم اچھی طرح واقف ہیں۔اس سلسلے میں ہم اور ثبوت جمع کررہے ہیں۔‘‘
دوسری جانب ،دہلی میں برسر اقتدار بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جےپی)کے ذرائع نے کہا ہے کہ ہندوستانی حکومت نے اس طیارے کے استعمال کے سلسلے میں جو ثبوت پیش کئے ہیں اسی کے مطابق چیزیں آگے بڑھ رہی ہیں۔اس مسئلےپر باریکی سے نظر رکھی جارہی ہے۔