نئی دہلی ،6مارچ (یواین آئی)کانگریس نے کہاہے کہ رافیل سودے میں تازہ انکشاف سے واضح ہوگیاہے کہ وزیراعظم نریندرمودی نے عہدے کاناجائز استعمال کیاہے اور دفاعی خرید کےسبھی ضابطوں کونظر انداز کرکے سرکاری خزانہ کوبھی نقصان پہنچایاہے اس لیے ان کے خلاف ایف آئی آر درج ہونی چاہئے۔
کانگریس میڈیا سیل کے سربراہ رندیپ سنگھ سرجے والا نے بدھ کےروز یہاں پارٹی کی معمول کی پریس بریفنگ میں کہاکہ رافیل خرید پر بات چیت کےلیے تشکیل آئی این ٹی کی تازہ رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ وزیراعظم دفتر اس سودے میں براہ راست طورپر اور غلط طریقہ سے شامل رہاہے اور اس نے ضابطوں کی خلاف ورزی کی ہے ۔مسٹر مودی کے کہنے پر قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوبھال نے 12اور 13جنوری 2016کو رافیل جنگی جہازوں کی قیمت طے کی ،جبکہ وہ اس کے لیے بااختیار نہیں تھے ۔