نئی دہلی، 9 مارچ (یو این آئی ) ہندوستان نے آج کہا کہ اگر وزیر اعظم عمران خان ’نئی سوچ والے ’نئے پاکستان‘ کا دعوی کرتے ہیں تو پھر وہ دہشت گردی کے خلاف تازہ کارروائی اور ٹھوس اقدامات کریں۔
وزارت خارجہ کے ترجمان رویش کمار نے ہفتے کے روز یہاں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ پاکستان اپنی عادت سے باز نہیں آرہا ہے اور مسلسل جھوٹ بولتے ہوئے پروپیگنڈہ کر رہا ہے۔وہ دہشت گردوں کے خلاف ٹھوس کارروائی کرنے کی بجائے، پلوامہ حملے کی ذمہ داری قبول کرنے والی دہشت گرد تنظیم جیش محمد کے دعوی کو بھی مسترد کررہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان یہ جھوٹ پھیلا رہا ہے کہ اس نے 27 فروری کو ہندوستان کے دو مگ طیاروں کو مار گرایا ۔ اگر پاکستان پاس طیارے کے گرتے ہوئے ویڈیو یا کوئی ثبوت ہے تو اسے عام کرنا چاہئے اور یہ بتانا چاہیے کہ دوسرے جہاز کا پائلٹ کہاں ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ہندوستان کا صرف ایک21 مگ طیارہ گرا تھا۔
ترجمان نے کہا کہ پاکستان مسلسل جھوٹ بول رہاہے کہ اس نے 27 فروری کو ہندوستان کے خلاف F16 طیارے کا استعمال نہیں کیا لیکن ہندوستان کے پاس اس کے ثبوت ہیں کہ پاکستان نے ایف -16 طیاروں کا استعمال کیا ہے۔ انہوں نے زور دیکر کہا کہ ہندوستان کے پائلٹ ونگ کمانڈر ابھی نندن ورتمان نےپاکستان کے ایف 16 ہوائی جہاز کو مار گرایا تھا۔