آئی سی سی سے پاکستان کو کرارا جھٹکا لگا ہے۔ آئی سی سی نے کہا ہے کہ اس نے ٹیم اںڈیا کو آرمی کیپ پہننے کے لئے اجازت دی تھی۔ آسٹریلیا کے خلاف رانچی ون ڈے میں ٹیم انڈیا کے کھلاڑی آرمی کیپ پہن کر میچ کھیلنے کے لئے اترے تھے جس پر پاکستان نے سوال اٹھائے تھے۔
آئی سی سی کے ترجمان کلیر فرلانگ نے نیوزایجنسی اے پی کو ای میل پر اس بات کی معلومات دی۔ انہوں نے لکھا، ” بی سی سی آئی نے آئی سی سی سے آرمی کیپ پہننے کی اجازت پہلے ہی لی تھی۔ یہ فنڈ جمع کرنے اور شہیدوں کی یاد میں پہنی گئی تھی جس کی اجازت دی گئی تھی‘‘۔
پاکستان نے ہندوستانی فوج جیسی ٹوپی پہننے پر اعتراض جتایا تھا۔ پاکستان نے بھارتی ٹیم پر کھیل کو سیاست زدہ کرنے کا الزام لگاتے ہوئے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل سے کہا تھا کہ وہ اس پردھیان دے۔
پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ذرائع ابلاغ سے ہفتے کے روز سکر میں کہا تھا کہ ’’دنیا نے دیکھا کہ ہندستانی کرکٹ ٹیم نے فوجی ٹوپی پہنی تھی ۔ کیا آئی سی سی نے اسے نہیں دیکھا؟ ہم سمجھتے ہیں کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی طرف سے یہ معاملہ اٹھائے جانے سے پہلےآئی سی سی کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس مسئلے میں سنجیدگی سے نوٹس لے‘‘۔