اجمیر،13مارچ؛ اجستھان کے وزیراعلی اشوک گہلوت نے وزیراعظم نریندر مودی پر جملے بازی کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا ہے کہ حالیہ حالات میں عوام کا بھروسہ کانگریس کے ساتھ ہے۔
مسٹر گہلوت نے درگاہ شریف اجمیر میں کانگریس کے صدر راہل گاندھی کی طرف سے چادر پیش کرنے کے بعدجےپور لوٹتے وقت ہیلی پیڈ پر نامہ نگاروں سے کہا کہ پچھلے پانچ برسوں میں مسٹر مودی نے صرف جلے بازی کی ہے،آخر ملک کے عوام جملے بازی کو کب تک برداشت کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ مسٹر مودی 56انچ کے سینے کے ساتھ اپوزیشن کوساتھ لے کر چلتے تو ملک کا نقشہ ہی دوسرا ہوتا۔انہوں نے کہا کہ مسٹر مودی وزیراعظم بننے کے بعد ایسے کام کرتے کہ لوگ اگلے دس برسوں تک یہ بھول جاتے کہ ملک میں کوئی نیا وزیراعظم بھی بن سکتا ہے۔اس وقت تو ملک میں مودی کی آندھی ہی نہیں بلکہ سونامی تھی لیکن آج حالات بالکل بدل چکے ہیں اور ملک کے عوام کانگریس کے ساتھ ہیں۔