ویلنگٹن 15 مارچ ؛ وسطی کرائسٹ چرچ کی دو مساجد میں نامعلوم مسلح افراد کے آتشیں حملے کو وزیر اعظم جیسنڈا آرڈن نےدہشت گردی قرار دیا اور بتایا کہ سمجھا جاتا ہے کہ ان حملوں میں 40 لوگ مارے گئے ہیں ۔ 10 لوگ لین ووڈ مسجد میں جبکہ 30 لوگ ہیگلے پارک کے نزدیک ڈینز ایو کی مسجد میں مارے گئے ۔اس حملے میں زخمی ہونے والوں کو فوری طور پر اسپتال پہنچا دیا گیا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ اس حملے کو صرف ایک دہشت گردانہ حملے کے طور پر بیان کیا جا سکتا ہے۔انہوں نےاس ہلاکت خیز واقعے میں چار لوگوں کی گرفتاریوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ حملہ آوروں کی گاڑیوں میں دو بم بھی تھے جنہیں ناکارہ بنادیا گیا۔
گرفتار شدگان میں میں ایک آسٹریلوی شہری بھی ہے جو انتہا پسند دائیں بازو سے تعلق رکھتا تھا۔یہ تصدیق آسٹریلوی وزیراعظم اسکاٹ موریسن نے کی ہے۔
رپورٹ کے مطابق فائرنگ کا واقعہ دوپہر میں نماز جمعہ کے وقت پیش آیا۔
پولس کے مطابق چار گرفتار شدگان میں ایک خاتون بھی شامل ہیں، حملے کے بعد پولیس نے پورے علاقے کا کنٹرول سنبھال کر کرفیو نافذ کردیا۔
پولیس کے حوالے سے یہ بھی خبر دی گئی ہے کہ فائرنگ کے واقعے کے بعد حالات کے پیشِ نظر شہر کے تمام اسکولوں کو بند کردیا گیا ہے۔
مقامی میڈیا کے مطابق حملے میں متعدد ہلاکتوں کا خدشہ ہے تاہم حکام کی جانب سے ابھی تک ہلاکتوں اور زخمیوں کی تصدیق نہیں کی گئی۔